صدر مملکت(Asif Ali Zardari) اور وزیراعظم(Shehbaz Sharif) پاکستان نے تمام شہریوں خصوصاً اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے حقوق کے تحفظ کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے تمام مذہبی رہنماؤں، تعلیمی اداروں، ذرائع ابلاغ اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ ایسا سماجی ماحول بنانے میں اپنا کردار ادا کریں جہاں تمام شہری کے عقیدے، شناخت اور انسانی وقار کا احترام کیا جائے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کی مذہبی اقلیتوں نے تنازعات، جنگوں، صحت، تعلیم اور زندگی کے دیگر شعبوں میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور آج بھی دیگر ہم وطنوں کے ساتھ ملکر تعمیری کردار جاری رکھے ہوئے ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر سال ملک میں اقلیتوں کی موجودگی، قومی دھارے میں انکی شمولیت اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے قومی سطح پر اقلیتوں کا دن پُر عزم انداز میں مناتا ہے، پاکستان میں موجود اقلیتیں ہماری قومی اساس کا جُز خاص ہیں اور ہماری متنوع معاشرتی تہذیب کے حقیقی حسن کی آئینہ دار ہیں۔
مزیدپڑھیں:نادیہ افغان کی آوارہ کتوں کے خلاف تشدد کی مخالفت، بچوں کو رحم دلی سکھانے پر زور
انہوں نے کہا کہ آج کا یہ دن مختلف طبقات و برادری میں اتحاد، پُرامن بقائے باہمی، باہمی احترام اور سب کیلئے مساوی ترقی کے حوالے سے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی تجدید کا مظہر بھی ہے، پاکستان کے متنوع معاشرہ میں مختلف مذاہب، ثقافتوں، قومیتوں اور روایات سے تعلق رکھنے والے لوگ مل کر رہتے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کا آئین اقلیتی برادریوں کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کا ضامن ہے، آئینی تحفظ کو ایک مؤثر قانونی نظام کی بھی تائید حاصل ہے، ملکی قانون میں اقلیتوں کی عبادت گاہوں کا تحفظ، امتیازی سلوک کی ممانعت اور نفرت انگیز تقاریر کی روک تھام سے متعلق مؤثر قانونی دفعات موجود ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومتِ پاکستان، صوبائی حکومت، متعلقہ ادارے، سول سوسائٹی کے باہمی تعاون سے اس مشترکہ عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ ملک کے ہر شہری بالخصوص اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، مساوی مواقع کی فراہمی اور پرامن، روادار اور متحد معاشرے کی منزل مقصود کیلئے بھرپور کاوشیں جاری رکھے گی۔













منگل 11 اگست 2026 

