روس اور کامسٹیک پاکستان میں سائنسی تعاون بڑھانے پر اتفاق، مشترکہ منصوبوں پر پیش رفت

Calender Icon بدھ 12 اگست 2026

اسلام آباد: پاکستان میں روس کے سفیر البرٹ خوریف نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (کامسٹیک) کے وفد سے ملاقات کی، جس میں روس اور کامسٹیک کے درمیان سائنسی، تعلیمی اور تحقیقی تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

12 اگست کو ہونے والی ملاقات میں کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے وفد کی قیادت کی۔ فریقین نے او آئی سی میں روس کی مبصر ریاست کی حیثیت کے تناظر میں کامسٹیک اور روس کے درمیان تعاون کے نئے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے روسی اداروں کے ساتھ کامسٹیک کے جاری تعاون پر روشنی ڈالتے ہوئے کازان فیڈرل یونیورسٹی اور زلزلہ انجینئرنگ و قدرتی اور انسان ساختہ خطرات سے تحفظ کی روسی ایسوسی ایشن کے ساتھ ہونے والے نتیجہ خیز اشتراک کو اجاگر کیا۔

ملاقات میں دونوں جانب سے علمی اور تعلیمی تبادلوں کو مزید وسعت دینے کے وسیع امکانات کی نشاندہی کی گئی۔ ان میں جامعات کے درمیان روابط مضبوط بنانا، طلبا اور محققین کے لیے اسکالرشپ پروگراموں کو فروغ دینا اور بنیادی تحقیق کے مشترکہ منصوبوں کو آگے بڑھانا شامل ہے۔

فریقین نے سائنس، ٹیکنالوجی اور اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں کامسٹیک اور روسی فیڈریشن کے درمیان تعاون سے متعلق ورکنگ گروپ کے پہلے اجلاس میں طے پانے والے اقدامات پر عمل درآمد تیز کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

یہ ورکنگ گروپ کا اجلاس 13 مئی 2026 کو روس کے شہر کازان میں منعقدہ بین الاقوامی اقتصادی فورم ’’روس–اسلامی دنیا: کازان فورم‘‘ کے موقع پر ہوا تھا۔ ملاقات میں اس اجلاس کے فیصلوں کو عملی شکل دینے اور تعاون کے نئے منصوبوں کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

روسی سفیر البرٹ خوریف نے او آئی سی، پاکستان اور دیگر مسلم ممالک کے ساتھ کثیرالجہتی مکالمے کو مزید وسعت دینے کے لیے روس کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے سائنسی اور تعلیمی شعبوں میں روابط کو دونوں فریقوں کے درمیان وسیع تر تعاون کے لیے اہم قرار دیا۔

فریقین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کامسٹیک کے ساتھ تعاون روس اور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ دونوں جانب سے باقاعدہ رابطے برقرار رکھنے اور مشترکہ منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے نتیجے میں سائنس، ٹیکنالوجی، اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے شعبوں میں روس اور کامسٹیک کے درمیان مستقبل میں مزید مضبوط شراکت داری کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔