جشن آزادی: اسلام آباد، راولپنڈی میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی

Calender Icon جمعرات 13 اگست 2026

اسلام آباد: نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے جشنِ آزادی کے موقع پر اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کردیا۔

موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق جڑواں شہروں میں 13 اور 14 اگست کو بھاری گاڑیوں کا داخلہ بند رہے گا۔ پابندی کا مقصد جشنِ آزادی کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا اور شہریوں کو آمدورفت میں سہولت فراہم کرنا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی 13 اگست کی رات 12 بجے سے 14 اگست کی رات 12 بجے تک نافذ رہے گی۔ اس دوران بھاری گاڑیوں کو اسلام آباد اور راولپنڈی کی حدود میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

موٹروے پولیس کے مطابق جشنِ آزادی کے موقع پر جڑواں شہروں میں شہریوں کی بڑی تعداد میں آمدورفت متوقع ہے، جس کے باعث مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھ سکتا ہے۔ اسی صورتحال کے پیش نظر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جارہے ہیں۔

حکام نے شہریوں اور ٹرانسپورٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ ہیوی ٹریفک سے متعلق پابندی کے اوقات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے سفری منصوبے ترتیب دیں۔ ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ پابندی کے دوران بھاری گاڑیاں اسلام آباد اور راولپنڈی کی جانب لانے سے گریز کریں۔

موٹروے پولیس نے شہریوں سے ٹریفک قوانین کی پابندی کرنے اور ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کے ساتھ تعاون کی بھی اپیل کی ہے۔

حکام کے مطابق جشنِ آزادی کے دوران ٹریفک کی صورتحال کو بہتر رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں تاکہ شہری بغیر کسی بڑی رکاوٹ کے اپنی منزل تک پہنچ سکیں اور یومِ آزادی کی تقریبات میں شرکت کرسکیں۔