پاکستانی طالبہ دیا انیل بھاٹیا نے ایل ایل بی میں عالمی ریکارڈ قائم کردیا

Calender Icon جمعرات 13 اگست 2026

اسلام آباد: پاکستان کی ہونہار طالبہ دیا انیل بھاٹیا نے یونیورسٹی آف لندن کے تین سالہ ایل ایل بی آنرز پروگرام میں 10 ڈسٹنکشنز حاصل کرکے عالمی سطح پر نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔

اسلام آباد کے ایک نجی کالج سے تعلیم حاصل کرنے والی دیا انیل بھاٹیا کا تعلق سندھ کے شہر جامشورو سے ہے۔ طالبہ نے یونیورسٹی آف لندن کے ایل ایل بی آنرز پروگرام میں شاندار تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 ڈسٹنکشنز حاصل کیں۔

منتظمین کے مطابق دیا انیل بھاٹیا نے پروگرام کے دوران دنیا بھر میں اعلیٰ ترین نمبرز حاصل کیے، جس کے باعث ان کی کامیابی کو عالمی ریکارڈ قرار دیا گیا ہے۔ ان کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے لیے بلکہ پاکستان کے تعلیمی شعبے کے لیے بھی قابل فخر قرار دی جارہی ہے۔

دیا انیل بھاٹیا کی اس غیر معمولی کامیابی کے حوالے سے اسلام آباد میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں برطانیہ سے آئے اساتذہ اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران طالبہ کی شاندار تعلیمی کارکردگی کو سراہا گیا اور ان کی محنت، قابلیت اور مستقل مزاجی کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

دیا انیل بھاٹیا کا تعلق جامشورو، سندھ سے ہے اور انہوں نے اپنی تعلیمی کامیابی کے ذریعے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کیا ہے۔

یونیورسٹی آف لندن کے ایل ایل بی آنرز پروگرام میں 10 ڈسٹنکشنز حاصل کرنا ان کی غیر معمولی تعلیمی کارکردگی کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کی کامیابی پاکستان کے نوجوان طلبہ کے لیے بھی ایک حوصلہ افزا مثال بن گئی ہے۔

تقریب میں شریک افراد نے امید ظاہر کی کہ دیا انیل بھاٹیا مستقبل میں بھی اپنی تعلیمی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کے لیے مزید اعزازات حاصل کریں گی۔