اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے پاکستانی طلباء کے برطانیہ کے ویزوں میں تاخیر کا معاملہ برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کے سامنے اٹھا دیا۔
13 اگست 2026 کو ہونے والی ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ نے برطانوی ہائی کمشنر کو پاکستانی طلباء کے ویزوں میں تاخیر سے متعلق حکومتی تشویش سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سینکڑوں پاکستانی طلباء ویزوں میں تاخیر کے باعث مشکلات کا سامنا کررہے ہیں اور خدشہ ہے کہ ویزا بروقت جاری نہ ہونے کی صورت میں ان کا تعلیمی سال ضائع ہوسکتا ہے۔
سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پاکستانی طلباء کے لیے بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کے حصول میں حائل رکاوٹیں دور کرنا اور انہیں ضروری سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر بیرون ملک زیر تعلیم پاکستانی طلباء سے متعلق قانونی اور ادارہ جاتی فریم ورک میں بہتری کے لیے ان کی سربراہی میں ایک کمیٹی کام کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے اس معاملے پر اپنی سفارشات مرتب کرلی ہیں اور پاکستانی طلباء کے بیرون ملک تعلیم کے حوالے سے قانونی و ادارہ جاتی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
اعظم نذیر تارڑ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ طلباء کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مؤثر نظام وضع کیا جائے گا تاکہ بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے والے پاکستانی طلباء کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پاکستانی طلباء کے ویزوں میں تاخیر کے معاملے کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلیمی روابط کو مزید مضبوط بنانے، ادارہ جاتی روابط بڑھانے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وزیر مملکت برائے قانون، انصاف و انسانی حقوق بیرسٹر عقیل ملک بھی موجود تھے۔













جمعرات 13 اگست 2026 

