وزیر دفاع خواجہ آصف(Khawaja Asif) نے بیوروکریسی کو پاکستان کی ’اصل اور مستقل حکمران‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی 78 سالہ تاریخ میں سیاست دانوں سمیت دیگر حکمران طبقات کا احتساب تو ہوا، تاہم بیوروکریسی کو کبھی اس طرح جوابدہ نہیں بنایا گیا۔
ایک سینیئر بیوروکریٹ کی مبینہ مالی بدعنوانی سے متعلق پوسٹ شیئر کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ پاکستان کی تاریخ میں سیاست دانوں کے احتساب کی بے شمار مثالیں ملتی ہیں، جبکہ دیگر حکمران طبقات کے حوالے سے بھی کچھ مثالیں موجود ہیں، لیکن بیوروکریسی کے احتساب کی مثالیں تلاش کرنا مشکل ہے۔
وطن عزیز کی 78 سالہ تاریخ میں سیاستدانوں کے جھوٹے سچے احتساب کی مثالیں بے شمار ملیں گی۔ باقی حکمران طبقات کی بھی آپکو چند مثالیں ضرور مل جائیں گی۔ نہیں ملیں گی تو ھماری بیوروکریسی کی نہیں ملیں گی۔ بیوروکریٹس پاکستان کے اصل اور دائمی حکمران ھیں اور رہیں گے۔ ھم نے انکو وزیر اعظم… pic.twitter.com/iaLeD0TwTD
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) August 14, 2026
بیوروکریسی کو اقتدار میں بار بار لایا گیا
انہوں نے کہاکہ بیوروکریٹس ہی پاکستان کے اصل اور مستقل حکمران ہیں اور وہ آئندہ بھی اسی حیثیت میں رہیں گے۔
خواجہ آصف نے ماضی کے ایک بیوروکریٹ حکمران کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ سیاست دانوں کے منہ پر انتہائی نازیبا الفاظ استعمال کرتے تھے اور سیاست دان اسے برداشت کرلیتے تھے۔
انہوں نے کہاکہ اگر گزشتہ 78 برس کے دوران بیوروکریٹس کو وزرا اور مشیروں کے طور پر شمار کیا جائے تو ان کی تعداد بھی بہت زیادہ بنتی ہے۔
بیوروکریسی کو طاقتور بنانے کے ذمہ دار سیاست دان ہیں
وزیر دفاع نے کہاکہ اگر بیوروکریسی آج ایک ناقابل گرفت طبقہ بن چکی ہے اور کوئی اسے جوابدہ کرنے والا نہیں تو اس کے ذمہ دار دراصل سیاست دان اور ان کی کمزوریاں ہیں، جبکہ بیوروکریٹس صرف اس صورتحال سے فائدہ اٹھانے والے کردار ہیں۔
انہوں نے کہاکہ 1970 کی دہائی میں قومیانے کی پالیسی اختیار کی گئی اور بیوروکریسی نے ملک کے تمام کاروباری اداروں کا کنٹرول سنبھال لیا۔ اس کے بعد قومی تحویل میں لیے گئے اثاثے تباہ ہوگئے، لیکن کسی حکومت نے ان طاقتور اور ناقابل احتساب عناصر سے سوال نہیں کیا۔
خواجہ آصف نے دعویٰ کیا کہ اگر قومیانے کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگایا جائے تو یہ سانحہ سقوط ڈھاکا سے بھی بڑا ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اس نقصان کو شمار کرنے کے لیے حساب میں موجود صفر بھی شاید کم پڑ جائیں۔
مزیدپڑھیں:فیلڈ مارشل کی جانب سے سابق فوجیوں کے اعزاز میں استقبالیہ، ملکی دفاع کیلئے خدمات کو سراہا
نجکاری پروگرام کی کامیابی کے لیے دعاگو ہوں
وزیر دفاع نے کہا کہ موجودہ حکومت نجکاری کا پروگرام آگے بڑھا رہی ہے اور وہ اس کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں۔
ان کے مطابق نواز شریف پہلے حکمران تھے جنہوں نے ملک میں قومیانے کے نتیجے میں ہونے والی تباہی کو واپس پلٹنے کی کامیاب کوشش کی، جبکہ شہید بے نظیر بھٹو نے بھی اس عمل کو مزید آگے بڑھایا، لیکن اس کے بعد یہ سلسلہ رک گیا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ مستقل حکمران بیوروکریسی نے ان کوششوں کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کیں، تاہم وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے نجکاری پر توجہ دی جا رہی ہے اور وہ دعا کرتے ہیں کہ یہ کوشش کامیاب ہو۔
‘اصل قصور سیاست دانوں اور ان کی کمزوریوں کا ہے’
خواجہ آصف نے کہاکہ اس پوری تاریخ کو بیان کرنے کا مقصد یہ واضح کرنا ہے کہ اصل قصور سیاست دانوں اور ان کی کمزوریوں کا ہے، جبکہ بیوروکریٹس نے اسی صورتحال سے فائدہ اٹھایا۔
انہوں نے دعویٰ کیاکہ پاکستان کی بیوروکریسی سے وابستہ امیر افراد پرتگال، کینیڈا، امریکا، برطانیہ اور پاکستان میں موجود ہیں اور یہ لوگ سیاست دانوں کی دوراندیشی سے محرومی کا براہ راست فائدہ اٹھانے والوں میں شامل ہیں۔
سابق گورنر جنرل سے متعلق دلچسپ واقعہ بھی سنا دیا
وزیر دفاع نے ایک سابق گورنر جنرل سے متعلق واقعہ بیان کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ گورنر جنرل کو بعد میں فالج کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے بعد جب سیاستدان ان سے ملاقات کے لیے جاتے تو وہ انتہائی نازیبا الفاظ استعمال کرتے، تاہم سیاست دان ان کی بات سمجھ نہیں پاتے تھے۔
خواجہ آصف کے مطابق گورنر جنرل کے ساتھ موجود ان کی انگریز سیکریٹری ان الفاظ کا ترجمہ کرکے سیاست دانوں کو بتاتی تھیں کہ گورنر جنرل دراصل کیا کہہ رہے ہیں۔













ہفتہ 15 اگست 2026 

