‏چوہدری سالک کا کرپشن پر بیان میری سمجھ سے باہرہے، خواجہ آصف

Calender Icon بدھ 4 نومبر 2026

وزیر دفاع خواجہ آصف نے اتحادی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی جانب سے پنجاب میں کرپشن کے حوالے سے عائد کیے الزامات پر ردعمل میں کہا ہے کہ ان کا بیان میری سیاسی سمجھ سے باہر ہے لیکن اگر یہ مستقبل کے کسی سیاسی ایجنڈے کا حصہ ہے تو سمجھ میں آتا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ چوہدری سالک میرے لیے بہت محترم ہیں، ان کے بزرگوں کا مجھے اپنے بزرگوں جیسا احترام ہے لیکن ‏ان کا پنجاب میں کرپشن سے متعلق بیان میری ناقص سیاسی سمجھ سے باہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن ہمارے معاشرہ کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اور یہ تمام مرکزی اور صوبائی سیاسی قیادت کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ملک کو اس لعنت سے پاک کیا جائے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ چوہدری صاحب ماشا اللہ مرکزی اور صوبائی دونوں حکومتوں کا حصہ ہیں، دونوں حکومتوں کی قیادت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پاس ہے، مل کر جہاد کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ‏اگر یہ بیان مستقبل کے کسی سیاسی ایجنڈے کا حصہ ہے کہ مریم نواز کی حکومت کو ٹارگٹ کرکے پنجاب و وفاق میں اپنے لیے جگہ بنائی جائے اور سیاسی مستقبل محفوظ کیا جائے تو پھر سمجھ آتا ہے۔

مزید پڑھیں:وزارت خارجہ میں کروڑوں روپے کی مبینہ مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف

وزیردفاع نے کہا کہ ‏مریم نواز جس طرح پنجاب کے شہروں اور دیہات کی خدمت کر رہی ہیں اور حکومت پنجاب خدمت کے جو نئے معیار قائم کررہی ہے، اس سے مخالفین کے لیے چیلنج بہت مشکل ہوگا۔