گنیز ورلڈ ریکارڈ یافتہ سابق عالمی چیمپئن باکسر گھر کے دروازے پر قتل

Calender Icon منگل 25 اگست 2026

جنوبی افریقہ کے سابق عالمی چیمپئن باکسر زولانی ٹیٹے(Zolani Tete) کو ان کے گھر کے باہر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق 38 سالہ ٹیٹے جمعہ کو مشرقی کیپ کے علاقے مدانتسانے میں اپنی گاڑی میں موجود تھے اور گھر کا گیٹ کھلنے کا انتظار کر رہے تھے کہ نقاب پوش مسلح افراد نے ان پر متعدد گولیاں چلادیں۔

حکام کے مطابق فائرنگ میں ٹیٹے کے ساتھ موجود 27 سالہ خاتون بھی زخمی ہوئی جو اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

ٹیٹے نے 2017 سے 2019 تک ڈبلیو بی او بینٹم ویٹ جبکہ 2014 میں آئی بی ایف سپر فلائی ویٹ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

مزیدپڑھیں:کراچی میں فائرنگ سے نجی نیوز ویب سائٹ کا پروڈیوسر جاں بحق

وہ 2017 میں صرف 11 سیکنڈ میں ناک آؤٹ کے ذریعے عالمی ٹائٹل فائٹ جیت کر گنیز ورلڈ ریکارڈ بھی قائم کر چکے تھے۔

ٹیٹے کا آخری مقابلہ 2022 میں ہوا تھا اور اب ڈوپنگ پابندی ختم ہونے کے بعد وہ دوبارہ رنگ میں واپسی کی تیاری کر رہے تھے۔ ان کے 34 مقابلوں میں 29 فتوحات تھیں۔

عالمی باکسنگ تنظیم ڈبلیو بی او اور کئی سابق حریفوں نے ان کے قتل پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔