12 ربیع الاول کے بابرکت موقع پر صدرِ مملکت آصف زرداری کا خصوصی پیغام

Calender Icon منگل 25 اگست 2026

صدر مملکت آصف علی زرداری نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ 12 ربیع الاول 1448ھ کے بابرکت موقع پر میں پوری قوم اور عالمِ اسلام کو نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادتِ باسعادت کی دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ دن ہمارے لیے اللہ تعالیٰ کی اس عظیم نعمت کی یاد تازہ کرتا ہے جس کے ذریعے انسانیت کو ایمان، ہدایت، عدل، رحمت اور اخلاق حسنہ کا کامل راستہ عطا ہوا۔

اللہ تعالیٰ کا بے انتہا احسان ہے کہ اپنے محبوب نبی آخری الزماں حضرت محمد ﷺ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر مبعوث فرمایا۔ رسول اکرم ﷺ کی ولادتِ باسعادت درحقیقت عالم انسانیت کےایسے روشن دور کا آغاز تھی جہاں جہالت کی تاریکی سے چھٹکارا اورعلم و ہدایت کا اجالا نصیب ہوا، ظلم کا تدارک اور عدل و انصاف کی لازوال داستان رقم ہوئی اورطبقاتی تقسیم کی حوصلہ شکنی کرکے اخوت، مساوات اور بھائی چارے کا فروغ ہوا۔

آپ ﷺ نے اپنے اسوۂ حسنہ سے قرآن مجید پر عمل پیرا ہو کر انفرادی اور اجتماعی فلاح اور نجات کے حصول کا وہ انقلاب برپا کیا جس کی نظیر نہیں ملتی۔ آپ ﷺ نے ثابت کیا کہ ایک صالح معاشرے کا حصول اعلیٰ فطری اقدار، عدل، رحم، احساسِ ذمہ داری کو اختیار کرنے، اور ارشاد باری تعالٰی پر عمل کرتے ہوئے تقوی و پرہیز گاری کا مظاہرہ کرنے سے عمل میں آتا ہے۔

نبی کریم ﷺ کی سیرتِ طیبہ ہمیں یہ درس دیتی ہے کہ انسانوں کے مابین باہمی احترام اور خیر سگالی کے جذبات کو فروغ دیا جائے۔ آپ ﷺ نے معاشرے میں کمزور و محروم، یتیم ومسکین اور ضرورت مند افراد کے حقوق کی حفاظت فرمائی اور آپس میں حسنِ سلوک و بھائی چارےکی تعلیم دی۔

12 ربیع الاول کا تقاضا ہے کہ ہم عشق رسول ﷺ کا اظہار نبی کریم ﷺ کی سیرت و سنت مبارکہ کو اپنے انفرادی و اجتماعی اعمال میں اپنا کر بنی نوع انسان کے لئے مثال بنیں۔ بحیثیت امت محمدی ﷺ، ہم پر لازم ہے کہ اپنے معاشرے میں عدل و انصاف، برداشت، بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی اور انسانی وقار کے تحفظ کا عملی مظاہرہ کریں۔ نوجوان نسل کو سیرتِ طیبہ سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے علم، بلند کردار، محنت اور خدمتِ انسانیت کو اپنی زندگی کا مقصد بنانا چاہئیے۔

مزید پڑھیں:روپیہ مستحکم، انٹربینک میں ڈالر مزید 3 پیسے سستا ہوگیا

میں اس پر مسرت اور بابرکت موقع پر امتِ مسلمہ، بالخصوص پاکستان کے عوام کے لیے دعا گو ہوں کہ الّلہ تعالیٰ ہمیں رسول کریم ﷺ کی سچی محبت، آپ ﷺ کی اتباع اور آپ ﷺ کے اسوۂ حسنہ پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے، ہمارے وطن کو امن، استحکام اور خوشحالی سے ہمکنار کرے اور پوری انسانیت کے لیے خیر و سلامتی کا ذریعہ بنائے۔ آمین۔