پمز سانحہ : پنجاب کے تمام سرکاری اسپتالوں کے لیے اہم ہدایات جاری

Calender Icon جمعرات 27 اگست 2026

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف(Maryam Nawaz Sharif) نے انتظامیہ اور تمام سرکاری اسپتالوں کو فریش فائر سیفٹی آڈٹ کی ہدایت کرتے ہوئے 24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کرلی۔

پنجاب کے اسپتالوں میں فائر سیفٹی انتظامات کا ازسرنو جائزہ لینے کیلیے وزیراعلیٰ پنجاب نے فوری احکامات جاری کردیے۔

اس حوالے سے جاری کیے گئے مراسلے میں انہوں نے متعلقہ حکام سے کہا کہ اسپتالوں میں فائر سیفٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت کے مطابق تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے اضلاع میں ٹیچنگ اسپتالوں، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتالوں، تحصیل ہیڈ کوارٹرز اسپتالوں، مریم نواز اسپتالوں اور مریم نواز ہیلتھ کلینکس میں فائر ایکسٹنگوشرز اور آگ بجھانے کے دیگر انتظامات کی دستیابی اور کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔

اس کے علاوہ معائنے کے دوران ہنگامی اخراج کے راستوں کی دستیابی اور ریسکیو 1122 کی ٹیموں سے مشاورت کے بعد ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔


ہدایت کے مطابق تمام اضلاع سے حاصل ہونے والی معلومات پر مشتمل جامع رپورٹ 27 اگست تک وزیراعلیٰ کو پیش کی جائے گی، جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز ذاتی طور پر سرگرمی کی نگرانی کریں گے تاکہ ابتدائی اقدامات ایک ہفتے میں مکمل ہوسکیں۔

مزیدپڑھیں:320 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار کے طوفان کا خطرہ، تین ممالک میں شدید تباہی کا خدشہ

وزیراعلیٰ مریم نواز نے تمام اسپتالوں کی انتظامیہ کو فریش فائر سیفٹی آڈٹ فوری مکمل کرکے 24 گھنٹے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مریضوں، بالخصوص نومولود بچوں اور دیگر حساس مریضوں کی حفاظت کے لیے کیے گئے انتظامات میں کسی غفلت و لاپرواہی کی گنجائش نہیں۔