۔اداکارہ نیپال میں سیلاب کی تباہ کاریاں دیکھ کر صدمے کا شکار ہوگئیں۔ بالی ووڈ کی مقبول ترین ہیرؤئنز میں سے ایک منیشا کوئرالا نیپال میں آنے والے حالیہ ہلاکت خیز سیلاب پر متاثرین کی مدد کے لیے میدانِ عمل میں آگئیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق منیشا کوئرالہ نے کھٹمنڈو میں ایک تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے ہونے والی تباہی دیکھ کر شدید صدمے میں ہیں۔
ان کے بقول نیپال میں سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال کی شدت کا اندازہ متاثرہ علاقوں سے سامنے آنے والی تصاویر اور کہانیوں سے لگایا جاسکتا ہے ایسی تباہی شاید بہت سے لوگوں نے اپنی زندگی میں پہلے کبھی نہ دیکھی ہو۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ اس قدرتی آفت نے نیپال میں آنے والے ماضی کے تباہ کن زلزلے کی یاد دلا دی تاہم موجودہ صورتحال میں انسانی مشکلات کی شدت دیکھنا انتہائی تکلیف دہ ہے۔
منیشا کوئرالہ نے مزید کہا کہ اس مشکل وقت میں سب سے پہلے ان لوگوں کے بارے میں سوچنا چاہیے جو سیلاب کے باعث اپنے گھروں، روزگار اور بنیادی ضروریات سے محروم ہو گئے ہیں۔
اداکارہ نے عوام پر زور دیا کہ وہ مذہب، قومیت اور سرحدوں سے بالاتر ہو کر متاثرین کے ساتھ کھڑے ہوں اور عملی طور پر ان کی مدد کریں۔
اداکارہ نے متاثرین کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت صرف افسوس کا اظہار کافی نہیں بلکہ ضرورت مند خاندانوں تک امداد پہنچانے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرنا چاہیے۔
منیشا کوئرالا کا تعلق نیپال سے ہے اور وہ کھٹمنڈو میں پیدا ہوئی تھیں۔ ان کے دادا بشویشور پرساد کوئرالا نیپال کے پہلے منتخب وزیرِاعظم تھے۔
مزید پڑھیں:دورہ انگلینڈ کیلئے پاکستان انڈر 19 اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا
نیپال میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر بالی ووڈ کی دیگر شخصیات نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اداکار سونو سود نے سوشل میڈیا پر نیپالی عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ وہ خوراک، پناہ گاہ اور تعمیر نو کے سلسلے میں مدد کے لیے آگے آنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔













جمعرات 27 اگست 2026 

