خلیجی ممالک حقیقی دشمنوں کے منصوبوں کو سمجھیں، ایرانی سپریم لیڈر

Calender Icon اتوار 30 اگست 2026

ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے خلیجی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے حقیقی دشمنوں کے منصوبوں کو سمجھیں اور اس کا مقابلہ کریں۔

اپنے تازہ تحریری پیغام میں انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک کے حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے حقیقی دشمن کی شناخت کریں،دشمنوں کے خلاف اتحاد، باہمی دفاع اور مسلم ممالک کے درمیان تعاون انتہائی اہم ہے۔

مسلمانوں کے درمیان اختلافات ان کے مخالفین کے مفادات کو تقویت دیتے ہیں،جو کوئی مسلم ممالک میں تقسیم پیدا کرتا ہے، وہ جان بوجھ کر یا نادانستہ طور پر اسلام کے دشمنوں کی مدد کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر مسلم ممالک متحد ہوتے تو کیا فلسطینی آج اس قدر بے بس ہوتے ؟مسلم ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے،مسلم ممالک کو ایک دوسرے کے دفاع کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانی چاہیے۔

اسے سے قبل ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے حکومت کو معاشی مشکلات سے نمٹنے کیلئے مؤثر اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت ایسے بیانات دینے سے گریز کرے جن سے عوام میں مایوسی پھیلے۔انہوں نے مشکل جنگی حالات میں ملک کے معاملات احسن طریقے سے چلانے پر ایرانی صدر اور حکومت کے دیگر ذمہ داران کا شکریہ بھی ادا کیا۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے حکومت کے تمام ملازمین اورمنتظمین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بالخصوص مخلص صدر کی جانب سے مشکل حالات میں ذمہ داریاں نبھانے کی کوششیں قابل قدر ہیں۔انہوں نے حکومت کی کارکردگی اور موجودہ حالات میں انتظامی امور چلانے کی کوششوں کو سراہا۔

ایرانی سپریم لیڈر نے ہدایت کی کہ معاشی مشکلات سے نمٹنے کیلئے حکومت اپنی توجہ مؤثر اقدامات پر مرکوز رکھے اور عوامی سطح پر ایسے بیانات سے اجتناب کیا جائے جو مایوسی یا بے یقینی کا باعث بن سکتے ہیں۔مجتبیٰ خامنہ ای نے حکومت سے کہا کہ افراطِ زر پر قابو پانا اور ملک میں بے روزگاری کا خاتمہ ترجیحات میں شامل کیا جائے۔

انہوں نے مشکل جنگی حالات میں ملک کے معاملات کو بہتر انداز میں چلانے پر ایرانی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے تمام ملازمین اور منتظمین نے مشکل صورتحال میں اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔

دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ سپریم لیڈر کا حکومت اور ان کے لیے پیغام مسلسل حمایت کا اظہار ہے۔

مزید پڑھیں:شمالی کوریا کی فوجی کمان میں بڑی تبدیلی، وزیرِ دفاع سمیت کئی عہدیدار برطرف

انہوں نے ایرانی قوم اور قیادت کو یقین دہانی کرائی کہ مکمل اتحاد کے ساتھ ملک کی حفاظت کریں گے اور موجودہ حالات میں قومی یکجہتی برقرار رکھی جائے گی۔