سب سے زیادہ جرابیں جمع ؟ گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑنے کی تیاری

Calender Icon بدھ 2 ستمبر 2026

واشنگٹن :امریکی ریاست ساؤتھ کیرولائنا سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے دنیا میں جرابوں (Socks) کا سب سے بڑا مجموعہ جمع کر کے گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑنے کی کوشش شروع کر دی ہے، جس کے تحت ان کے پاس جرابوں کے 2 ہزار سے زائد جوڑے جمع ہو چکے ہیں۔

نارتھ اگسٹا کے رہائشی ڈیرل پارکر، جو پیشے کے لحاظ سے ریٹائرڈ فائر فائٹر اور پیرامیڈک ہیں، نے بتایا کہ ان کی جرابیں جمع کرنے کا سلسلہ فادرز ڈے پر ملنے والے ایک تحفے سے شروع ہوا تھا۔ اس کے بعد انہیں سالگرہ اور شادی کی سالگرہ جیسے مختلف مواقع پر مزید جرابیں تحفے میں ملتی رہیں۔

ڈیرل پارکر نے مقامی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ ایک دن ان کی اہلیہ نے اتنی بڑی تعداد میں جرابیں دیکھ کر حیرت کا اظہار کیا، جس کے بعد ان کے نواسے نواسیوں نے انہیں گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے کی کوشش کا مشورہ دیا اور انہوں نے اس چیلنج کو قبول کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

فی الوقت یہ عالمی ریکارڈ سی بی ایس فلیڈلفیا کے ریٹائرڈ نیوز اینکر جِم ڈونووین کے پاس ہے، جنہوں نے سال 2025 میں 1,531 منفرد جرابوں کے جوڑے جمع کر کے یہ ریکارڈ بنایا تھا۔

ڈیرل پارکر کا کہنا ہے کہ ان کے پاس پہلے ہی 2 ہزار سے زائد جوڑے موجود ہیں، لیکن وہ اس سال کے آخر تک مزید جرابیں جمع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جس کے بعد وہ رسمی تصدیق اور عالمی ریکارڈ کے اندراج کے لیے اپنی درخواست گنیز ورلڈ ریکارڈز کو پیش کریں گے۔