ہنوئی: تین دہائیوں سے زائد عرصے سے اپنے ناخن بڑھانے والے ویتنامی فنکار لو کونگ ہیوین (Lưu Công Huyền) کا نام باقاعدہ طور پر دنیا کے سب سے لمبے ناخن رکھنے والے زندہ مرد کے طور پر گنیز ورلڈ ریکارڈز میں شامل کر لیا گیا ہے۔ ان کے دونوں ہاتھوں کے ناخنوں کی مجموعی لمبائی 594.45 سینٹی میٹر (19 فٹ 6 انچ) ریکارڈ کی گئی ہے، جو کہ ایک عام بالغ زرافے کی اونچائی سے بھی زیادہ ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے چیف ایڈیٹر کریگ گلینڈے نے رواں سال کے اوائل میں ویتنام کے صوبے نام دنھ میں لو کونگ ہیوین کے گھر کا دورہ کر کے ان کے ناخنوں کی پیمائش کی۔ ان کے ہاتھوں سے لٹکتے اور پیچیدہ شکلوں میں مڑے ہوئے ناخنوں پر ان رنگوں کے چھینٹے پڑے ہوئے ہیں جو وہ لوگوں کے گھروں کی دیواروں پر خوبصورت میورل (دیواری تصاویر) بنانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
لو کونگ ہیوین نے 34 سال قبل اپنے والد کی پیروی کرتے ہوئے روحانی پیشوا (شامن) بننے کا فیصلہ کر کے ناخن کاٹنا بند کر دیے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ شامن بننے کے لیے انہوں نے ناخن بڑھائے تاکہ وہ باوقار نظر آئیں، تاہم بعد میں والد کے منع کرنے پر انہوں نے وہ پیشہ تو چھوڑ دیا لیکن ناخن کاٹنا بند نہیں کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ناخن کاٹنے کا سوچ کر ہی انہیں شدید جسمانی و ذہنی تھکاوٹ اور بیماری کا احساس ہونے لگتا ہے۔ وقت کے ساتھ ٹوٹنے والے ناخنوں کے ٹکڑے بھی انہوں نے اپنے شوکیس میں سنبھال کر رکھے ہوئے ہیں۔
گنیز انتظامیہ کے مطابق ان کے ناخنوں کی پیمائش انتہائی دشوار تھی، جس کے لیے دھاگے کو ہر ناخن کے موڑ اور خم سے گزار کر نشان لگایا گیا اور بعد میں میٹرک ٹیپ سے ماپا گیا۔ ان کے بائیں ہاتھ کے ناخنوں کی لمبائی 388.85 سینٹی میٹر اور دائیں ہاتھ کے ناخنوں کی لمبائی 205.6 سینٹی میٹر ہے، جبکہ بائیں ہاتھ کے انگوٹھے کا ناخن سب سے لمبا ہے جس کی پیمائش 127.5 سینٹی میٹر (4 فٹ 2 انچ) ہے۔

لو کونگ ہیوین کا کہنا ہے کہ اتنے لمبے ناخنوں کی دیکھ بھال کے لیے انتہائی احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے۔ بارش کے موسم میں ناخنوں کو خشک رکھنا پڑتا ہے ورنہ وہ نرم ہو کر ٹوٹ سکتے ہیں، جبکہ بھیڑ بھاڑ والی جگہوں، کپڑے بدلتے اور سوتے وقت بھی خاص دھیان رکھنا پڑتا ہے۔ اس کے باوجود وہ روزمرہ کے کام جیسے کہ پینٹنگ کرنا اور موٹرسائیکل چلانا باآسانی کر لیتے ہیں، جبکہ ان کی اہلیہ تھی تھوان (Thi Thuan) کپڑے پہننے اور پینٹنگ کے کاموں میں ان کی بھرپور معاونت کرتی ہیں۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے ایڈیٹر کریگ گلینڈے نے ان کے جذبے اور خاندانی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ میلون بوٹھ کی وفات کے بعد اس زمرے کا خالی ہونا اور لو کونگ ہیوین جیسے روحانی انسان کا یہ ریکارڈ قائم کرنا ایک تاریخی لمحہ ہے۔ واضح رہے کہ تاریخ میں سب سے لمبے ناخنوں کا ہمہ وقتی ریکارڈ امریکہ کے میلون بوٹھ (مرد) اور ڈائنا آرمسٹرانگ (خاتون – 42 فٹ 10 انچ) کے پاس ہے۔













بدھ 2 ستمبر 2026 

