نامور پاکستانی اداکارہ مسکان ملک سڑک کنارے دودھ کی ٹھنڈی بوتلیں فروخت کرنے پر مجبور

Calender Icon جمعہ 4 ستمبر 2026

ماضی میں اپنی اداکاری سے ناظرین کے دل جیتنے والی پاکستانی ٹی وی اور اسٹیج آرٹسٹ مسکان ملک آج کل انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔معاشی مشکلات اور بے روزگاری کے باعث سابق اداکارہ نے گزر بسر کے لیے کوئٹہ میں سڑک کنارے دودھ کی ٹھنڈی بوتلیں فروخت کرنا شروع کردی ہیں۔شہرت اور شوبز کی چکاچوند سے دور مسکان ملک اپنے بیمار شوہر اور خاندان کی کفالت کے لیے سڑک کنارے روزگار کر رہی ہیں۔مسکان ملک کا کہنا ہے کہ ان کی مجبوریاں انہیں سڑک پر لے آئی ہیں اور وہ آج کل دودھ کی ٹھنڈی بوتلیں فروخت کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے فنکار ہونے سے کبھی انکار نہیں کیا اور وہ اب بھی اس انتظار میں ہیں کہ انہیں دوبارہ اداکاری کا موقع ملے، تاکہ وہ اپنے فن کے ذریعے کام کرسکیں۔

مسکان ملک کے مطابق وہ کرائے کے گھر میں رہتی ہیں اور بجلی، گیس اور دیگر ضروری اخراجات پورا کرنا ان کے لیے مشکل ہوگیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بجلی اور گیس کے بل 20 سے 25 ہزار روپے تک آجاتے ہیں، جبکہ پانی کے ٹینکر اور شوہر کی بیماری سمیت دیگر اخراجات بھی پورے کرنا پڑتے ہیں۔واضح رہے کہ مسکان ملک نے صرف 13 سال کی عمر میں اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا تھا اور اپنے فنی کیریئر کے دوران متعدد ٹی وی ڈراموں اور اسٹیج پروگراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

مسکان ملک کو حکومتی آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ سے ماہانہ 10 ہزار روپے کی مالی معاونت ملتی ہے، تاہم موجودہ معاشی حالات میں یہ رقم ان کے اخراجات کے لیے ناکافی ہے۔عوامی حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ معاشی مشکلات کا شکار فنکاروں کی فلاح و بہبود اور مالی معاونت کے لیے مزید مؤثر اقدامات کیے جائیں۔