بنگلادیش کو دنیا کی سب سے بڑی خسرہ وبا کا سامنا، 1 ہزار بچے جاں بحق

Calender Icon بدھ 9 ستمبر 2026

خسرہ ایسی وائرل بیماری ہے جو زیادہ تر بچوں پر حملہ آور ہوتی ہے جس سے قوت مدافعت بری طرح متاثر ہوتی ہے جبکہ یہ مرض جان لیوا بھی ثابت ہوسکتا ہے۔

اس وقت بنگلادیش کو دنیا کی سب سے بڑی خسرہ وبا کا سامنا ہے، حالانکہ کسی زمانے میں اس ملک میں اس بیماری کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا تھا۔

اب تک بنگلادیش میں خسرہ کی بدترین وبا سے 1 ہزار کے قریب بچے جاں بحق ہوچکے ہیں۔

ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران بنگلا دیش میں 19 ہزار 835 مریضوں میں خسرہ کی تصدیق ہوئی ہے۔

اسی طرح خسرہ کے 1 لاکھ 66 ہزار مشتبہ کیسز ریکارڈ ہوئے، جبکہ خسرہ کے شبہے میں 1 لاکھ 46 ہزار مریض اسپتال میں داخل ہوئے۔

اس مرض کے نتیجے میں گزشتہ 6 ماہ میں خسرہ سے999 بچوں کی اموات ریکارڈ ہوئی اور بیمار بچوں کی مسلسل آمد سے اسپتالوں میں جگہ کم پڑگئی ہے۔

ماہرین کے مطابق ویکسینیشن مہم کے باوجود حفاظتی اقدامات میں کمی وبا کے پھیلاؤ کاسبب بن رہی ہے۔

مزید پڑھیں:کرکٹ ٹیم میں تبدیلیاں میری مرضی، مشاورت کے بغیر کی گئیں: بابر اعظم

رپورٹ میں بتایا گیا کہ وبائی بیماریوں کے اعدادوشمار کے مطابق بنگلادیش کو دنیا کی سب سے بڑی خسرہ وبا کا سامنا ہے۔