جرمنی میں ہالینڈ کی سرحد کے قریب طیارہ گر کر تباہ، 3افراد ہلاک، پروازیں معطل

Calender Icon بدھ 16 ستمبر 2026

جرمنی کے علاقے میں ہالینڈ کی سرحد کے قریب ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ(Plane Crash) ہوگیا جس کے نتیجے میں تین ڈچ شہری ہلاک ہوگئے۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہالینڈ کی وزارت خارجہ نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں 57 اور 58 سالہ دو مرد اور 23 سالہ ایک خاتون شامل ہیں۔

وزارت کے مطابق طیارے نے مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 10 بج کر 25 منٹ پر وسطی مغربی ہالینڈ کے شہر ہلورسوم کے ایک چھوٹے ہوائی اڈے سے پرواز کی تھی۔

تقریباً 11 بج کر 18 منٹ پر جرمن ریاست نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے شہر ایرکلنز کے علاقے گردیراتھ کے قریب طیارے کا ریڈار سے رابطہ منقطع ہوگیا، جس کے کچھ ہی دیر بعد وہ گر کر تباہ ہوگیا۔

مزیدپڑھیں:سعودی عرب پر حوثی حملے ناقابل قبول، پاکستان کا سلامتی کونسل میں دوٹوک مؤقف

حکام کے مطابق طیارے میں تینوں ہلاک شدگان ہی سوار تھے، طیارہ ہالینڈ کے ہلورسوم فلائٹ سکول میں رجسٹرڈ تھا،فلائٹ سکول کی انتظامیہ نے حادثے کی وجوہات کا تعین ہونے تک تمام پروازیں فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ہالینڈ کے سیفٹی بورڈ کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معاونت کے لیے دو فضائی تحقیقاتی ماہرین کو بھی بھیجا گیا ہے۔