بلوچستان میں دہشت گردوں کے حملے: چار حملہ آور ہلاک، 11 مزدور اغوا

Calender Icon ہفتہ 26 ستمبر 2026

بلوچستان (Balochistan)کے اضلاع ڈیرہ بگٹی اور دکی میں دہشت گردی کے دو مختلف واقعات میں چار حملہ آور ہلاک ہوگئے جبکہ مسلح افراد 11 مزدوروں کو اغوا کرکے نامعلوم مقام پر لے گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے علاقے میں مسلح دہشت گردوں نے ایک نجی کمپنی کو نشانہ بناتے ہوئے حملہ کیا۔ حملے کے بعد سیکیورٹی اور امن فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، جس کے دوران دونوں جانب سے شدید فائرنگ ہوئی۔

ذرائع کے مطابق امن فورس کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی میں چار دہشت گرد مارے گئے، تاہم فائرنگ کے تبادلے میں فورس کا ایک اہلکار شہید جبکہ دو دیگر اہلکار زخمی ہوگئے۔

مزیدپڑھیں:سمندری راستے سے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام، وزیراعظم کا پاک بحریہ کو خراجِ تحسین

دوسری جانب بلوچستان کے ضلع لورالائی کی تحصیل دکی میں مسلح افراد نے رات گئے ایک مقامی تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر دھاوا بول دیا۔

ذرائع کے مطابق حملہ آور کیمپ میں موجود 11 مزدوروں کو اغوا کرکے اپنے ساتھ نامعلوم مقام کی جانب لے گئے۔ مسلح افراد نے کیمپ میں موجود تعمیراتی کمپنی کی مشینری اور دیگر سامان کو بھی آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں سامان مکمل طور پر جل کر تباہ ہوگیا۔

دونوں واقعات کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقوں میں کارروائیاں اور سرچ آپریشن شروع کردیا ہے، جبکہ مغوی مزدوروں کی بازیابی کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔