انجینئر امیر مقام کی لاہور میں حمزہ شہباز سے ملاقات، سیاسی صورتحال اور کے پی کے ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال

Calender Icon اتوار 27 ستمبر 2026

وفاقی وزیر اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے ہفتے کے روز لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے اہم ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، عوامی امور اور خیبرپختونخوا میں جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں سمیت صوبے کی فلاح و بہبود کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (UNGA) سے کیے گئے خطاب کو تاریخی قرار دیتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وزیراعظم نے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری مسلم امہ کی بھرپور نمائندگی کی۔

دوسری جانب، حمزہ شہباز نے ملک میں امن کے قیام کے لیے دہشت گردی کے خلاف عظیم قربانیاں دینے پر خیبر پختونخوا کے غیور عوام کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ خیبر پختونخوا میں بھی پنجاب کی طرز پر ترقیاتی منصوبے شروع کر کے خطے میں ترقی اور خوشحالی دیکھنا چاہتے ہیں۔ ملاقات کے دوران حمزہ شہباز نے گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے دوران انجینئر امیر مقام کی شاندار کوششوں اور محنت کو سراہتے ہوئے انہیں آزاد جموں و کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہونے پر مبارکباد بھی پیش کی۔