عمران خان کی فیملی پہلی مرتبہ پس پردہ رابطوں میں شامل، چند دنوں میں بڑی پیش رفت کا امکان بڑھ گیا

Calender Icon جمعرات 12 نومبر 2026

پاکستان تحریکِ انصاف (PTI) اور حکام کے درمیان پسِ پردہ رابطوں میں ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، کیونکہ اطلاعات کے مطابق پہلی مرتبہ عمران خان کے اہلِ خانہ بھی براہِ راست پس پردہ رابطوں میں شامل ہوگئے ہیں، جس سے آئندہ چند روز میں ممکنہ پیشرفت کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

سابق وزیراعظم کے اہلِ خانہ کی شمولیت کو بڑھتی سیاسی کشیدگی کم کرنے اور عمران خان، ان کے خاندان اور پی ٹی آئی کو درپیش بعض مسائل کو مسلسل محاذ آرائی کے بجائے بات چیت سے حل کرنے کی کوششوں میں ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

نئے پیدا ہونے والے حالات سے آگاہ ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ رابطوں کے نتیجے میں پہلے ہی کچھ پیشرفت ہو چکی ہے، جس میں عمران خان کے اہلِ خانہ اور ان کی بہنوں کی ملاقات کا انتظام بھی شامل ہے۔ اس پیشرفت کو مزید رابطوں کیلئے سازگار ماحول بنانے کی جانب ممکنہ مثبت قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

یہ توقعات بھی ظاہر کی جا رہی ہیں کہ آئندہ چند روز میں کچھ ٹھوس نتائج سامنے آسکتے ہیں اور ممکن ہے کہ عمران خان کی 2؍ بہنوں کو اگلے چند روز میں رہائی مل جائے۔ تاہم، اب تک ان کی رہائی کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان یا تصدیق سامنے نہیں آئی۔

خیال کیا جاتا ہے کہ پسِ پردہ رابطوں کے اس نئے عمل میں پی ٹی آئی کی جانب سے اہم رابطہ کاروں کے علاوہ بعض حکومتی اور سرکاری حلقے بھی شامل ہیں۔ تاہم، ان رابطوں میں شامل لوگ فی الحال اپنی شناخت ظاہر کرنے یا عوامی سطح پر اپنے کردار کا اعتراف کرنے کیلئے آمادہ نہیں ہیں۔

خیال کیا جاتا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان ان رابطوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ تاہم، جب اس معاملے پر تبصرے کیلئے اُن سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے ان مبینہ رابطوں کے کسی بھی پہلو پر بات کرنے سے گریز کیا اور کہا کہ وہ ایسے معاملات پر بات نہیں کر سکتے۔

مزیدپڑھیں:اسرائیل کے فضائی حملے میں غزہ کا فٹبالر شہید

عمران خان کے بہنوئی احد خان کو ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران ان پسِ پردہ رابطوں کا اعتراف کرتے ہوئے سنا گیا ہے۔ یہ تازہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سیاسی ماحول میں کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے اور بار بار کی محاذ آرائی، عوامی سطح پر ایک دوسرے کیخلاف بیانات اور سخت لب و لہجے سے کوئی بامعنی پیشرفت نہیں ہوسکی۔

اس کے برعکس، جاری سیاسی تعطل نے پی ٹی آئی کی قیادت، عمران خان کے اہلِ خانہ اور حکام کو درپیش مشکلات میں مزید اضافہ کیا ہے۔ اس عمل سے واقف افراد کی رائے ہے کہ عمران خان کے اہلِ خانہ کی شمولیت سے رابطے کے مزید راستے کھل سکتے ہیں اور زیادہ تعمیری طرزِ عمل کیلئے گنجائش پیدا ہو سکتی ہے۔

بظاہر اس کا بنیادی مقصد متنازع معاملات کو سیاسی اختلافات مزید گہرا ہونے دینے کے بجائے مذاکرات اور باہمی رابطوں کے ذریعے حل کرنا ہے۔ اہلِ خانہ کی شرکت خاص اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ عمران خان اور ان کے رشتہ داروں سے متعلق معاملات کی نوعیت ایسی ہے کہ وہ بتدریج وسیع تر سیاسی محاذ آرائی کا حصہ بنتے جا رہے ہیں۔

اگرچہ جاری رابطوں کے نتائج کے بارے میں پیشگی کوئی رائے قائم کرنا قبل از وقت ہوگا، تاہم مبینہ پیشرفت، ملاقات کا انتظام اور فوری طور پر کچھ ریلیف ملنے کے امکان سے ظاہر ہوتا ہے کہ پسِ پردہ رابطوں کا یہ عمل اب ایک زیادہ اہم مرحلے میں داخل ہو سکتا ہے۔

ایک ذریعہ کا کہنا تھا کہ ان رابطوں کا مقصد آئندہ چند روز میں انہیں ٹھوس اقدامات میں تبدیل کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ رابطے پی ٹی آئی اور حکام کے درمیان وسیع تر مفاہمت کی راہ ہموار کر سکتے ہیں۔

ذریعہ نے مزید کہا کہ اگر یہ کوشش کامیاب رہی تو یہ نیا عمل محاذ آرائی میں تبدیلی کا نقطۂ آغاز ثابت ہو سکتا ہے اور بات چیت سے سیاسی کشیدگی کم کرنے کی ممکنہ راہ کھول سکتا ہے۔
انصارعباسی