بھارت میں 600 سالہ تاریخی مسجد شہید کرنے کی کوشش، مسلمان ڈھال بن گئے

Calender Icon پیر 28 ستمبر 2026

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اجین میں سیکڑوں مسلمان 600 سال پرانی تاریخی ‘شاہی مسجد’ (Shahi Mosque)کو شہید کیے جانے سے بچانے کے لیے مسجد کے اندر بیٹھ گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں انتظامیہ کی جانب سے رات گئے بلڈوزر کے ذریعے مسجد کو شہید کرنے کی کوشش کی گئی جسے مقامی افراد نے سخت مزاحمت کے بعد ناکام بنا دیا۔

واضح رہے کہ 2028 میں ہونے والے ہندوؤں کے مذہبی میلے سمہاستھا کمبھ سے قبل سڑک کو چوڑا کرنے کے ایک منصوبے کے تحت اس تاریخی مسجد کے کچھ حصے کو مسمار کرنے کے لیے نشان زد کیا گیا ہے۔

مزیدپڑھیں:بابر کی ڈومیسٹک کرکٹ میں7 سال بعد واپسی، پہلے میچ میں ناکام

مسجد میں جاری اس احتجاج کا حصہ بننے والے مسلمانوں نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ گزشتہ دو ہفتوں سے مسلسل یہ احتجاج کر رہے ہیں، لوگوں نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ مسجد کو شہید ہونے سے بچانے کے لیے وہ بڑی تعداد میں شفٹوں میں مسجد کے اندر موجود رہیں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ رات پولیس کی نفری میں اضافہ کیا گیا، ریپڈ ایکشن فورس کو تعینات کیا گیا اور مسجد کو شہید کرنے کی نیت سے بلڈوزر لائے گئے لیکن جب مسجد کے اندر اور باہر لوگوں کا بڑا ہجوم جمع ہو گیا تو انتظامیہ کو کارروائی روکنی پڑی۔