قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں کروڑوں کے مبینہ کرپشن اسکینڈل کا انکشاف، تحقیقات کا حکم

Calender Icon بدھ 7 اکتوبر 2026

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں کروڑوں روپے کے مبینہ کرپشن اسکینڈل کا انکشاف ہوا ہے۔ سارجنٹ ایٹ آرمز اشفاق اشرف کے خلاف چارج شیٹ جاری کردی گئی۔ سرمایہ کاری، ورک ویزا اور سیکیورٹی اہلکاروں سے بھتہ وصولی سمیت سنگین الزامات سامنے آگئے۔

چارج شیٹ کے مطابق اشفاق اشرف نے سابق فوجی افسر سے سرمایہ کاری کے نام پر 5 کروڑ روپے ہڑپ کیے۔ اسپیکر کے مشیر محمد مشتاق کا نام مبینہ طور پر استعمال کرکے کروڑوں روپے کے فراڈ کا بھی الزام ہے۔ جعلی انویسٹمنٹ اسکیم کے تحت ماہانہ 10 فیصد منافع کا جھانسہ دے کر کروڑوں روپے بٹورنے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔

قومی اسمبلی کے ایڈیشنل سارجنٹ ایٹ آرمز بھی مبینہ فراڈ کا شکار بنے۔ چارج شیٹ کے مطابق بیٹے کو برطانیہ کا ورک ویزا دلوانے کا جھانسہ دے کر اٹھائیس لاکھ روپے وصول کیے گئے۔

پارلیمنٹ کے سیکیورٹی اہلکار بھی مبینہ طور پر مالی معاملات میں نشانے پر رہے۔ من پسند ڈیوٹی کے عوض ماہانہ 30 ہزار روپے بھتہ وصول کرنے، غیر حاضری کے باوجود حاضری لگانے اور اہلکاروں سے ماہانہ 30 ہزار روپے کے سگریٹ اور دو لاکھ روپے پٹرول کی مد میں رقم وصول کرنے کے الزامات بھی چارج شیٹ میں شامل ہیں۔

مزید پڑھیں:طاعون سے خاتون کی موت، ڈبلیو ایچ او کا نوٹس، روس سے وضاحت طلب کر لی

اسپیکر قومی اسمبلی نے اشفاق اشرف کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری حسین رضا زیدی کو انکوائری افسر مقرر کرتے ہوئے سات روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔