پختونخوا، نامزد اضلاع میں معزز شخصیات پر مشتمل اے آر ڈی سی سیکرٹریٹ کے قیام کا حکم

Calender Icon اتوار 11 اکتوبر 2026

وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا کے نامزد اضلاع میں امن و امان، شہریوں کے تحفظ، بہتر طرزِ حکمرانی اور ترقی کو یقینی بنانے کے لیے ایریا ڈیویلپمنٹ سیکرٹریٹ (اے ڈی ایس) کے فوری قیام کا حکم دے دیا ہے۔

وفاقی حکمنامے کے مطابق ایریا ڈیویلپمنٹ سیکرٹریٹ ایریا ریپریزنٹیٹو و ڈیویلپمنٹ کونسل کی نگرانی میں کام کرے گا، اے آر ڈی سی نامزد اضلاع کی معزز شخصیات پر مشتمل ہوگی جس کی سربراہی چیئرمین کریں گے، چیئرمین، وائس چیئرمین، ترجمان اور ارکان کی تقرری مقررہ طریقہ کار اور مدت کے مطابق کی جائے گی۔

نامزد اضلاع میں ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، لکی مروت، بنوں، باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم، اورکزئی، شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان اپر اور جنوبی وزیرستان لوئر شامل ہیں۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا (نامزد اضلاع) ایریا ڈیویلپمنٹ سیکرٹریٹ کی سربراہی کریں گے اور یہی اہلکار ان اضلاع کے ایڈمنسٹریٹر بھی ہوں گے۔

نامزد اضلاع میں تعینات صوبائی حکومت کے افسران اور دیگر اداروں کے اہلکار ایریا ڈیویلپمنٹ سیکرٹریٹ کے انتظامی اور آپریشنل کنٹرول میں ہوں گے، مزید تعیناتیوں اور تبادلوں کا حکم ایڈمنسٹریٹر کی سفارش پر وزیراعظم وقتاً فوقتاً دے سکیں گے۔

ایڈمنسٹریٹر نامزد اضلاع میں صوبائی حکومت کے تمام انتظامی، انتظامیاتی اور قانون نافذ کرنے سے متعلق اختیارات استعمال کریں گے، انہیں گورننس، سکیورٹی اور ترقی کے لیے تنظیمی ڈھانچے قائم کرنے اور ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ محکموں کی نگرانی کا اختیار حاصل ہوگا۔

اِسی طرح ایڈمنسٹریٹر سول انتظامیہ، پولیس اور فوجی حکام کو ہدایات جاری کر سکیں گے اور ایریا ڈیویلپمنٹ سیکرٹریٹ کے آپریشنل، تنظیمی و انتظامی امور کے ساتھ فنڈز کی تقسیم و منتقلی کے احکامات بھی جاری کر سکیں گے۔

دوسری جانب وفاقی اداروں، مسلح افواج اور صوبائی اداروں کے ساتھ رابطہ کاری کے ذریعے قانون نافذ کرنے اور سکیورٹی کے امور بہتر بنائے جائیں گے، عوامی تحفظ، معاشی استحکام، امدادی سرگرمیوں اور بنیادی خدمات کی فراہمی کے لیے محکموں کی تنظیمِ نو اور ضروری اقدامات بھی کیے جا سکیں گے۔

مزید برآں ایڈمنسٹریٹر کے جاری کردہ احکامات، نوٹیفکیشنز، ہدایات اور اقدامات کو وہی قانونی حیثیت حاصل ہوگی جو صوبائی حکومت کے احکامات کو حاصل ہوتی ہے۔

مزید پڑھیں:خیبرپختونخوا حکومت معطل، 11 رکنی مشاورتی کونسل تشکیل دیدی گئی، وفاقی حکمنامہ

واضح رہے وفاقی حکمنامے کے تحت نامزد اضلاع میں آئین کے باب سوم، حصہ چہارم اور آرٹیکل 175 کی شق (3) سے متعلق مذکورہ دفعات اور خیبر پختونخوا گورنمنٹ رولز آف بزنس 1985 کا اطلاق نہیں ہوگا، یہ حکمنامہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔