ملک بھر میں آٹے کی قیمتیں بے قابو، چکی کا آٹا 200 روپے کلو ہوگیا

Calender Icon پیر 12 اکتوبر 2026

ملک بھر میں آٹےکی قیمتیں عوام کی پہنچ سےباہرہوگئیں،چکی کا آٹا 200 روپے فی کلوفروخت ہونے لگا جبکہ فائن آٹےکی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوگیا،روٹی بھی 30 سے 35 روپے تک فروخت ہونے لگی۔

کمشنر کراچی کےجاری کردہ نرخ نامے کےمطابق چکی کے آٹےکی سرکاری قیمت 145 روپےفی کلومقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں یہ 200 روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے،جو سرکاری نرخ سے 55 روپے زیادہ ہے۔

اسی طرح ہول سیل مارکیٹ میں 132 روپےفی کلو مقررہ نرخ والا فائن آٹا 176 روپےمیں فروخت کیا جارہا ہے، راشن والا آٹا ہول سیل مارکیٹ میں 161 اور ریٹیل مارکیٹ میں 168 روپے فی کلو دستیاب ہے۔

دوسری جانب روٹی کی قیمت بھی بڑھ کر 30 سے 35 روپے تک پہنچ گئی ہے,فلور ملز مالکان کی جانب سے سرکاری نرخوں پر آٹے کی فراہمی نہ ہونے کے باعث مارکیٹ میں قیمتوں کو قابو کرنا مشکل ہوگیا ہے۔

دوسری جانب بلوچستان میں گندم کی قلت کےباعث آٹے کی قیمتیں بے قابو ہوگئیں،تین ماہ قبل 6 ہزار روپے میں ملنے والا 50 کلو آٹے کا تھیلا اب 8 ہزار روپے تک جا پہنچا ہے،صوبے کے بعض علاقوں میں آٹے کی دستیابی بھی متاثر ہونے لگی ہے۔

ادھر ملتان میں گندم کی قیمت 5 ہزار 400 روپے فی من تک پہنچ گئی، جس کے باعث آٹا بھی 150 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگا۔ آٹے کی قیمت میں اضافے کے باعث روٹی 15 روپے سے بڑھ کر 25 روپے جبکہ نان 25 سے بڑھ کر 30 روپے کا ہوگیا۔ شہریوں کے مطابق 15 کلو آٹے کا تھیلا 1700 روپے سے بڑھ کر 2200 روپے تک پہنچ چکا ہے۔

فیصل آباد میں بھی گندم اور آٹےکی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈکیاگیا،چکی مالکان نے آٹے کی قیمت 150 روپے سےبڑھا کر 160 روپےفی کلو کردی،چکی مالکان کےمطابق گندم 5 ہزار 500روپےفی من فروخت ہو رہی ہے،حکومت سرکاری نرخوں پر گندم فراہم کرے تو آٹے کی قیمت کم ہوسکتی ہے۔

مزید پڑھیں:اداکارہ نیلم منیر کے ہاں بیٹے کی پیدائش، نام محمد حمدان رکھا، مداحوں کی مبارکبادیں

حافظ آباد میں بھی مہنگائی کے ستائے شہری پریشان ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ 1100 روپے والا سبسڈی آٹے کا تھیلا دستیاب نہیں، جبکہ 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1400 روپے سے بڑھ کر 1600 روپے تک پہنچ گئی ہے۔