کوچ سے تنازع: پرتگال کیمپ چھوڑنے پر رونالڈو پر پابندی عائد

Calender Icon منگل 20 اکتوبر 2026

پرتگال کے مشہور فٹ بال کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو(Ronaldo) کو ہیڈ کوچ جارج جیسس کے ساتھ اختلافات اور قومی ٹیم کا کیمپ چھوڑنے کے بعد پرتگال فٹ بال فیڈریشن کی جانب سے 30 دن کی معطلی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ فیڈریشن کی انضباطی کونسل نے رونالڈو پر عائد تمام الزامات کو درست قرار دیتے ہوئے ان پر معطلی کے علاوہ 255 یورو جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔

برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ تنازع اس وقت پیدا ہوا جب رواں ماہ نیویشنز لیگ کے ایک میچ سے قبل رونالڈو نے ڈنمارک کے خلاف کھیلے جانے والے مقابلے سے پہلے ٹیم کا کیمپ چھوڑ دیا تھا۔ اس سے قبل ناروے کے خلاف میچ میں انہیں میدان میں اتارنے کے بجائے متبادل کھلاڑیوں میں شامل رکھا گیا تھا۔

رونالڈو کا موقف تھا کہ ناروے کے خلاف میچ میں بینچ پر بٹھائے جانے کے بعد کوچ جارج جیسس نے ان کے ساتھ ٹیم میں کردار کے حوالے سے کیے گئے وعدوں کی خلاف ورزی کی۔

دوسری جانب کوچ نے کسی بھی قسم کے طے شدہ معاہدے کی تردید کی، تاہم انہوں نے مستقبل میں رونالڈو کی ٹیم میں واپسی کا امکان رد نہیں کیا۔

مزید پڑھیں:ایپل کا 28 اکتوبر کو لاس اینجلس میں نئی مصنوعات متعارف کرانے کا اعلان

انضباطی کمیٹی کی تحقیقات کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ رونالڈو نے فیڈریشن کے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔ اگرچہ فیڈریشن نے یہ وضاحت نہیں کی کہ اس پابندی سے کون سے مخصوص میچز متاثر ہوں گے، لیکن اس اقدام کا مقصد نظم و ضبط کو برقرار رکھنا ہے۔

واقعے کے بعد رونالڈو نے شائقین اور اپنے ساتھی کھلاڑیوں سے معذرت کی ہے اور کہا ہے کہ وہ اپنی سزا پوری کرنے کے بعد دوبارہ قومی ٹیم کی نمائندگی کے لیے دستیاب ہوں گے۔

دوسری طرف پرتگال فٹ بال فیڈریشن کے سربراہ پیڈرو پروئنسا نے بھی امید ظاہر کی ہے کہ اس معاملے کے حل کے بعد رونالڈو کی جلد قومی ٹیم میں واپسی ہوگی۔