راولپنڈی کے 80 کلبوں میں مقابلہ، ملک جمخانہ نے ٹی 20 ٹرافی جیت لی

Calender Icon بدھ 21 اکتوبر 2026

راولپنڈی: ملک جمخانہ کلب نے ڈی سی اے انٹر کلب ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں گل کلب کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

فاتح ٹیم کے سعد مسعود نے ناقابل شکست 74 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا اور مین آف دی میچ قرار پائے۔

ایوب نیشنل پارک کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے فائنل میں گل کلب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے۔ یاسر خان نے 54 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، جبکہ سعد مسعود اور زاہد منصور نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں ملک جمخانہ کلب نے ہدف 19.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ سعد مسعود نے 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی صدر راولپنڈی ریجن چوہدری ارشد تھے، جنہوں نے فاتح ٹیم اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔

تقریب میں سابق ریجنل کوچ صبیح اظہر، صدر ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن نوید عباسی، سیکریٹری ذوالفقار علی، آصف باجوہ، ساجد شاہ، ڈاکٹر جمیل ملک، نبیل ملک، مختلف کلبوں کے عہدیداران اور شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ٹورنامنٹ میں گل کلب کے کپتان ناصر نواز کو بہترین کھلاڑی، رحمان خان کو بہترین بیٹر اور ابرار شنواری کو بہترین باؤلر قرار دیا گیا۔

مزید پڑھیں:پانی ہماری ریڈلائن ہے، پاکستان کا پانی روکنے کی کوئی بھی کوشش جنگی اقدام تصور ہوگی: وزیراعظم

واضح رہے کہ ٹورنامنٹ کا آغاز 27 اگست کو ہوا تھا، جس میں راولپنڈی کے 80 کلبوں نے حصہ لیا اور مجموعی طور پر 141 میچز کھیلے گئے۔