بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت سنگھ مان کو لاہور میں عالمی پنجابی کانفرنس میں شرکت کی دعوت

Calender Icon ہفتہ 24 اکتوبر 2026

اہور / نئی دہلی: بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت سنگھ مان نے لاہور میں منعقد ہونے والی عالمی پنجابی کانفرنس میں شرکت کا باضابطہ دعوت نامہ موصول ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعلیٰ بھگونت مان نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران بتایا کہ کانفرنس کے منتظمین نے انہیں 27 نومبر کو لاہور آنے اور ان کی مکمل میزبانی کی پیشکش کی ہے۔

بھارتی پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بھگونت سنگھ مان نے اپنے مخصوص مزاحیہ اور طنزیہ انداز میں بین الاقوامی دوروں کے لیے مرکزی حکومت کی جانب سے درکار سخت اجازت ناموں کا ذکر کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب بھارتی حکومت انہیں فرانس اور جاپان جیسے ممالک جانے کی اجازت نہیں دیتی تو وہ انہیں پاکستان جانے کی اجازت کیسے دے گی؟ تاہم انہوں نے اپنے دلی جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا کلچر، زبان اور ثقافت ایک ہی ہے، ہمارے شاعر اور دیگر فنکار لاہور جائیں گے اور ان کی بھی خواہش ہے کہ وہ خود بھی پاکستان کا دورہ کریں۔

اس موقع پر بھارتی پنجاب اسمبلی کے اسپیکر نے بھی گفتگو میں حصہ لیتے ہوئے وزیراعلیٰ سے کہا کہ اگر انہیں لاہور جانے کی اجازت مل جائے تو وہ انہیں بھی اپنے ساتھ لے کر جائیں۔ اسپیکر کی اس بات پر وزیراعلیٰ بھگونت مان نے تجویز دی کہ وہ چاہتے ہیں کہ تمام ارکانِ اسمبلی مل کر کرتار پور کا دورہ بھی کریں۔