کراچی: معروف اداکارہ اور سابق قومی کرکٹر سلیم یوسف کی صاحبزادی ایمن سلیم نے عملی سیاست میں قدم رکھتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں اداکارہ کو ایک تقریب کے دوران پیپلز پارٹی میں شامل ہونے اور اپنے سیاسی سفر کا آغاز کرنے کا اعلان کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایمن سلیم کا کہنا تھا کہ وہ بچپن سے ہی شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی بہت بڑی مداح رہی ہیں۔ ان کے خیال میں پاکستان کی ہر وہ لڑکی بے نظیر بھٹو شہید سے متاثر ہے جس نے ان کی جدوجہد، قیادت اور زندگی کو قریب سے دیکھا ہے۔
اداکارہ نے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے یہ انتہائی خوشی اور فخر کا مقام ہے کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے عظیم پرچم تلے ملک کی خدمت کرنے جا رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کے لیے یہ محض ایک روایتی سیاسی فیصلہ نہیں ہے، بلکہ ایک ایسا سچا وعدہ ہے جو وہ اپنے وطن اور پاکستان کے عوام سے کرنے جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید عزم ظاہر کیا کہ وہ پیپلز پارٹی کے اس سیاسی پلیٹ فارم کے ذریعے نیک نیتی اور سچے دل کے ساتھ پاکستان اور اس کے عوام کے لیے مثبت اور اثر انگیز کام کرنے کی پوری کوشش کریں گی۔













ہفتہ 24 اکتوبر 2026 

