فرانس نے سمندری نگرانی کرنے والا طیارہ عارضی طور پر رومانیہ منتقل کر دیا

Calender Icon بدھ 28 اکتوبر 2026

بحیرہ اسود میں مال بردار جہازوں پر حملوں کے بعد فرانس نے سمندری نگرانی کرنے والا طیارہ عارضی طور پر رومانیہ(Romania) منتقل کر دیا ہے جس کا مقصد بحری راستوں کو درپیش خطرات کی نشاندہی اور اہم توانائی تنصیبات کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
رومانیہ کی وزارت دفاع کے مطابق گزشتہ تین ہفتوں کے دوران نیٹو رکن ممالک رومانیہ اور بلغاریہ کے ساحلوں کے قریب کم از کم 8 مال بردار جہاز حملوں کا نشانہ بنے جبکہ 34 ملاح ہلاک یا لاپتہ ہو چکے ہیں۔

فرانس کا اٹلانٹک 2 سمندری نگرانی کا طیارہ 18 اکتوبر کو رومانیہ منتقل کیا گیا، یہ طیارہ 6 نومبر تک بحیرہ اسود کے مغربی حصے میں نگرانی کے مشن انجام دے گا۔

رومانیہ کی وزارت دفاع کے مطابق اس اقدام کا مقصد بحری جہازوں کو درپیش خطرات کی نشاندہی اور رومانیہ کے خصوصی اقتصادی سمندری علاقے میں اہم تنصیبات کے تحفظ کی صلاحیت بڑھانا ہے۔

مزیدپڑھیں:ایران کے 440 کلوگرام انتہائی افزودہ یورینیم کا سراغ تاحال نہیں مل سکا، رافیل گروسی

نیٹو نے بھی بحیرہ اسود میں مزید سمندری نگرانی کے طیارے، ریڈار سسٹمز اور ڈرونز بھیجنے کا اعلان کیا ہے، رومانیہ کی بحری افواج نے بھی سمندری گشت بڑھا دیا ہے اور جہاز رانوں کو محفوظ راستوں اور ممکنہ خطرات سے مسلسل آگاہ کیا جا رہا ہے۔