اداکار معمر رانا کی اہلیہ نے خلع لے لیا، لاہور کی فیملی کورٹ نے ڈگری جاری کردی

Calender Icon ہفتہ 31 اکتوبر 2026

معروف اداکار معمر رانا(Moammar Rana) کی اہلیہ مہناز معمر رانا نے لاہور کی فیملی کورٹ سے خلع حاصل کرلیا، فیملی کورٹ کے جج زاہد بشیر نے مہناز معمر رانا کے حق میں خلع کی ڈگری جاری کردی۔
درخواست گزار کی جانب سے وکیل خدیجہ صدیقی نے دلائل پیش کیے، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ معمر رانا شراب نوشی کے بعد تشدد کرتے اور گالم گلوچ کرتے تھے، انہوں نے متعدد مرتبہ بیٹیوں کے سامنے بھی شراب کے نشے میں گالیاں دیں، جس سے بیٹیوں کو مبینہ طور پر ذہنی اذیت اور بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑا۔

درخواست گزار کے مطابق ان کی معمر رانا سے 24 اکتوبر 1998 کو شادی ہوئی تھی اور اس ازدواجی رشتے سے دو بیٹیاں ہیں، شادی کو تقریباً 28 سال گزر چکے ہیں، تاہم معمر رانا نے گھر کے اخراجات بھی برداشت نہیں کیے۔

مزیدپڑھیں:‘مذہب کے نام پر غیر قانونی قبضہ جاری نہیں رہ سکتا’: طلال چوہدری کا فضل الرحمان کو جواب

درخواست میں مزید مؤقف اپنایا گیا کہ اہل خانہ نے معمر رانا کے رویے میں بہتری لانے کے لیے متعدد مرتبہ کوششیں کیں، لیکن انہوں نے علاج کروانے سے انکار کردیا۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ وہ اب معمر رانا کے ساتھ مزید زندگی نہیں گزار سکتیں، لہٰذا عدالت خلع کی ڈگری جاری کرے۔

عدالت نے درخواست گزار کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے خلع کی ڈگری جاری کردی۔