نئی آٹو پالیسی کے بعد پاکستان میں کون سی گاڑی کتنی سستی ہونے والی ہے؟

Calender Icon پیر 9 نومبر 2026

وفاقی حکومت کی جانب سے نئی آٹو پالیسی(auto policy) 31-2026 متعارف کرائے جانے کے بعد ملک میں گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کی امیدیں بڑھ گئی ہیں۔

 نئی پالیسی میں گاڑیوں کی قیمتیں کم کرنے، الیکٹرک گاڑیوں (EVs) کے استعمال کو فروغ دینے، مقامی سطح پر گاڑیوں اور ان کے پرزہ جات کی تیاری بڑھانے اور آٹو سیکٹر کی برآمدات میں اضافے کو اہم ترجیحات قرار دیا گیا ہے۔

حکومتی اعلان کے مطابق لگژری گاڑیوں کے سوا دیگر تمام گاڑیوں کی قیمتوں میں بتدریج کمی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ تاہم یہ کمی فوری طور پر نہیں ہوگی بلکہ درآمدی ڈیوٹیوں میں مرحلہ وار کمی کے نتیجے میں آئندہ 5 سال کے دوران گاڑیوں کی قیمتیں کم ہونے کی توقع ہے۔

 نئی آٹو پالیسی کے ابتدائی تخمینوں کے مطابق چھوٹی پیٹرول گاڑیوں کی قیمتوں میں تقریباً 11 سے 12 فیصد، جبکہ بعض الیکٹرک اور پلگ اِن ہائبرڈ گاڑیوں کی قیمتوں میں 20 سے 33 فیصد تک کمی ممکن ہے۔

ابتدائی تخمینوں کے مطابق نئی آٹو پالیسی کے تحت مختلف گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے، تاہم بعض گاڑیوں کی قیمتیں بڑھنے کی بھی توقع ہے۔

سوزوکی آلٹو کی موجودہ قیمت 32 لاکھ روپے سے کم ہوکر 28 لاکھ 45 ہزار روپے ہونے کا امکان ہے، جس سے خریداروں کو تقریباً 3 لاکھ 55 ہزار روپے کی بچت ہوگی۔

 اسی طرح وولنگ بنگو الیکٹرک گاڑی کی قیمت 40 لاکھ روپے سے کم ہوکر 27 لاکھ روپے تک آسکتی ہے، یعنی اس کی قیمت میں 13 لاکھ روپے کی کمی متوقع ہے۔

سوزوکی کلٹس کی قیمت 43 لاکھ روپے سے کم ہوکر 38 لاکھ روپے ہونے کا امکان ہے، جس سے خریداروں کو 5 لاکھ روپے کی بچت ہوسکتی ہے۔

مزیدپڑھیں:ریاض میں آرامکو کے مرکزی دفتر پر حوثیوں کا حملہ، عمارت کی کئی منزلوں کے شیشے ٹوٹ گئے

ایک چھوٹی الیکٹرک گاڑی کی قیمت بھی 53 لاکھ روپے سے کم ہوکر 36 لاکھ روپے تک آنے کی توقع ہے، جس سے 17 لاکھ روپے کی ممکنہ بچت ہوگی۔

ٹویوٹا یارس 1.5 کی قیمت 60 لاکھ روپے سے کم ہوکر 53 لاکھ روپے ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، یعنی اس کی قیمت میں 7 لاکھ روپے کی کمی ہوسکتی ہے۔

 باوجن ییپ پلس الیکٹرک گاڑی کی قیمت 63 لاکھ روپے سے کم ہوکر 50 لاکھ روپے تک آنے کی توقع ہے، جس سے خریداروں کو 13 لاکھ روپے کی بچت ہوگی۔

ایم جی ایچ ایس پیٹرول کی قیمت 95 لاکھ روپے سے کم ہوکر 92 لاکھ روپے ہونے کا امکان ہے، یعنی اس کی قیمت میں 3 لاکھ روپے کی کمی متوقع ہے۔

اسی طرح ایم جی ایچ ایس پلگ اِن ہائبرڈ کی قیمت ایک کروڑ 3 لاکھ روپے سے کم ہوکر 90 لاکھ روپے تک آسکتی ہے، جس سے 13 لاکھ روپے کی ممکنہ بچت ہوگی۔

کیا اسپورٹیج کی قیمت ایک کروڑ 22 لاکھ روپے سے کم ہوکر ایک کروڑ 11 لاکھ روپے ہونے کا امکان ہے، یعنی یہ گاڑی 11 لاکھ روپے سستی ہوسکتی ہے۔

ہیوال اے ڈبلیو ڈی پلگ اِن ہائبرڈ کی قیمت ایک کروڑ 29 لاکھ روپے سے کم ہوکر ایک کروڑ 11 لاکھ روپے تک آنے کی توقع ہے، جس سے خریداروں کو 18 لاکھ روپے کی بچت ہوسکتی ہے۔

ٹویوٹا RAV4 پلگ اِن ہائبرڈ کی قیمت میں بھی نمایاں کمی کا امکان ہے۔ ابتدائی تخمینوں کے مطابق اس گاڑی کی قیمت 2 کروڑ 33 لاکھ روپے سے کم ہوکر ایک کروڑ 83 لاکھ روپے تک آسکتی ہے، یعنی خریداروں کو 50 لاکھ روپے کی ممکنہ بچت ہوگی۔

تاہم ٹویوٹا فارچیونر کی قیمت میں کمی کے بجائے اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس گاڑی کی قیمت 2 کروڑ 5 لاکھ روپے سے بڑھ کر 2 کروڑ 17 لاکھ روپے ہوسکتی ہے، یعنی اس کی قیمت میں 12 لاکھ روپے کا اضافہ متوقع ہے۔

یہ قیمتیں آٹو پالیسی کے پہلے سال کے تخمینوں پر مبنی ہیں، حتمی کمپنی قیمتیں نہیں۔ خاص طور پر 2 ہزار سی سی سے بڑی گاڑیوں پر اضافی لیوی اور ٹیکس کی وجہ سے قیمتیں بڑھنے کا امکان بھی ہے۔

اس کے علاوہ آٹو انڈسٹری کے ابتدائی تخمینوں کے مطابق GAC Aion UT کی قیمت 64 لاکھ روپے سے کم ہوکر 50 سے 52 لاکھ روپے تک آنے کا امکان ہے، جس سے خریداروں کو تقریباً 12 سے 14 لاکھ روپے کی بچت ہوسکتی ہے۔

اسی طرح Jaecoo J7 PHEV کی قیمت ایک کروڑ روپے سے کم ہوکر تقریباً 80 لاکھ روپے تک آنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے، یعنی اس گاڑی کی قیمت میں تقریباً 20 لاکھ روپے کی کمی ممکن ہے۔

اسی طرح Honda HR-V e، Haval Jolion اور Toyota Corolla Altis کے بعض منتخب ویریئنٹس کی قیمتوں میں بھی تقریباً 6 سے 8 لاکھ روپے تک کمی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

اس کے علاوہ BYD Atto 3 اور GAC Aion V جیسی الیکٹرک ایس یو ویز کو بھی نئی آٹو پالیسی کے تحت ممکنہ طور پر فائدہ پہنچ سکتا ہے۔