بھیک کی کمائی کم لانے پر چچا نے 10 سالہ بھتیجی کو آگ لگا دی

Calender Icon پیر 9 نومبر 2026

پنجاب کے ضلع فیصل آباد(Faisalabad) کی تحصیل تاندلیانوالہ میں ایک انسانیت سوز واقعہ سامنے آیا ہے جہاں چچا نے بھیک کی کمائی کم لانے پر اپنی 10 سالہ بھتیجی پر پیٹرول چھڑک کر اسے آگ لگا دی۔

پولیس کے مطابق جھلس کر شدید زخمی ہونے والی بچی کو فوری طور پر تشویشناک حالت میں نزدیکی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

پولیس حکام نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کی اور واقعے میں ملوث مرکزی ملزم عامر مشتاق کو گرفتار کر لیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم اپنی کم سن بھتیجی سے زبردستی بھیک منگواتا تھا اور واقعے والے روز کمائی توقع کے مطابق نہ ہونے پر طیش میں آ کر اس نے یہ ظالمانہ قدم اٹھایا۔

مزیدپڑھیں:میرا وزن بڑھا ہے، مجھے نظر آتا ہے، جانتی ہوں اسے کم کرنا ہے: وینا ملک

مقامی پولیس کے مطابق گرفتار ملزم عامر مشتاق کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے تاکہ ملزم کو سخت سے سخت سزا دلائی جا سکے۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بچی کی حالت نازک ہے اور طبی ٹیمیں اس کی جان بچانے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں۔