یومِ اقبال پر وزیراعظم کی جانب سے 13 ہزار روپے نقد انعام کے پیغامات، حقیقت کیا ہے؟

Calender Icon پیر 9 نومبر 2026

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے یومِ اقبال کے موقع پر وزیراعظم پاکستان کی جانب سے 13 ہزار روپے نقد انعام دینے کے نام پر گردش کرنے والے پیغامات کو جعلی قرار دیتے ہوئے شہریوں کو خبردار کردیا ہے۔

ایجنسی کے ترجمان کے مطابق جعل ساز مشکوک لنکس اور جعلی پیغامات کے ذریعے شہریوں کی ذاتی اور مالیاتی معلومات چوری کرکے انہیں مالی نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

این سی سی آئی اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کسی غیر مصدقہ لنک پر کلک نہ کریں اور نہ ہی اپنی شناختی، ذاتی یا بینک اکاؤنٹ سے متعلق معلومات کسی کے ساتھ شیئر کریں۔

حکام نے ایسے پیغامات آگے بھیجنے سے بھی گریز کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ مشکوک پیغام موصول ہونے پر فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دی جائے۔

مزیدپڑھیں:ریڈ بال کوچنگ کی ذمہ داری بھی مائیک ہیسن کے سپرد

ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ ایجنسی ملک بھر میں سائبر فراڈ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ سائبر جرم یا دھوکہ دہی کی صورت میں فوری طور پر ہیلپ لائن 1799 پر رابطہ کریں یا قریبی این سی سی آئی اے سرکل میں شکایت درج کرائیں۔