پاکستان تحریکِ انصاف (PTI) کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے وکیل نے دعویٰ کیا ہے کہ جیل میں ان کی مؤکلہ کو آنکھوں کے ایک مرض ’مچیور کیٹریکٹ‘ سے بینائی متاثر ہونے کا سامنا ہے اور آنکھ کا ایک اور آپریشن کرانے کی ضرورت ہے۔
طبی ماہرین اور آنکھوں کے امراض کے معالجین کے مطابق ’مچیور کیٹریکٹ‘ آنکھ میں پانی یا سفید موتیا کی وہ سنگین حالت ہے جس میں آنکھ کا قدرتی شفاف لینس مکمل طور پر دھندلاہو جاتا ہے۔
اس حالت میں آنکھ میں داخل ہونے والی روشنی معمول کے مطابق گزرنے سے قاصر رہتی ہے، جس کے نتیجے میں بینائی کی صلاحیت انتہائی متاثر ہوتی ہے یا بعض صورتوں میں عارضی طور پر تقریباً ختم ہو جاتی ہے۔
ابتدائی یا غیر فعال موتیا کے برعکس، مچیور کیٹریکٹ میں پورا لینس دودھیا سفید، سرمئی یا زردی مائل بھورا ہو جاتا ہے۔
آنکھوں کے معائنے کے دوران ڈاکٹروں کے لیے شبکیہ یعنی ریٹینا کو دیکھنا یا ریڈ ریفلیکس (آنکھ میں روشنی ڈالنے پر ظاہر ہونے والی سرخ چمک) حاصل کرنا ناممکن ہو جاتا ہے، اور آنکھ کی پتلی بظاہر سفید دکھائی دیتی ہے۔
اس مرض میں مریض کے لیے باریک تفصیلات دیکھنا ناممکن ہو جاتا ہے اور بینائی صرف روشنی، اندھیرے یا ہاتھ کی بڑی نقل و حرکت محسوس کرنے تک محدود ہو کر رہ جاتی ہے۔
مزیدپڑھیں:پاکستان میں کون سی گاڑیاں 10 لاکھ روپے تک سستی ہونے والی ہے؟بڑی خبر آگئی
مچیور کیٹریکٹ کے نمایاں علامات میں بینائی کو شدید نقصان، آنکھوں کے آگے دودھیا پرت یا دھندلاپن، تیز روشنی یا سورج کی شعاعوں اور گاڑیوں کی ہیڈ لائٹس سے شدید چبھن، اور روزمرہ کے بنیادی امور مثلاً پڑھنے، گاڑی چلانے یا مانوس چہروں کو پہچاننے سے قاصر ہونا شامل ہیں۔
اگر اس مرحلے پر فوری علاج نہ کیا جائے تو یہ ہائپر مچیور کیٹریکٹ میں تبدیل ہو سکتا ہے، جہاں لینس سکڑنے لگتا ہے اور آنکھوں سیال خارج ہونے یا پگھلنے لگتا ہے۔
اس سے آنکھ میں کالا موتیا یعنی گلوکوما، شدید سوزش جسے یوویٹس کہتے ہیں اور بینائی کے مستقل ضائع ہونے جیسے سنگین طبی مسائل جنم لے سکتے ہیں۔
آنکھوں کے ماہرین کے مطابق مچیور کیٹریکٹ کا واحد اور حتمی حل سرجری ہے۔ کسی قسم کے ڈراپس، عینک یا طرزِ زندگی کی تبدیلیاں اسے ٹھیک نہیں کر سکتیں۔
آپریشن کے دوران مائیکرو سرجری کے ذریعے دھندلے لینس کو نکال کر اس کی جگہ شفاف مصنوعی لینس لگایا جاتا ہے۔
ماہرینِ چشم تجویز کرتے ہیں کہ موتیا کو مچیور مرحلے تک پہنچنے کا انتظار نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ زیادہ سخت اور مکمل مچیور ہو جانے والے موتیا کی سرجری نسبتاً پیچیدہ ہو جاتی ہے۔












منگل 10 نومبر 2026 