ممتاز دانشور، کالم نگار، شاعر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹ میں سابق پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی(Irfan Siddiqui) کی پہلی برسی پر منگل کو تعزیتی ریفرنس ہوا۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے صدارت کی جبکہ وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئیر امیر مقام مہمان خصوصی تھے۔ پاکستان مسلم لیگ (ضیا) کے صدر محمد اعجاز الحق، سینیٹر شہادت اعوان، سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر کے علاوہ صحافیوں، دانشوروں، عرفان صدیقی کے اہل خانہ، دوستوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آج میں اپنے دوست عرفان صدیقی کے تعزیتی ریفرنس میں انہیں یاد کرنے آیا ہوں۔ عرفان صدیقی اپنے نظریے پر جم کر کھڑے ہوتے تھے لیکن گفتگو میں شائستگی اور خوش اخلاقی برقرار رکھتے تھے جو ایک بہت بڑی خوبی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10 بہترین پارلیمنٹیرینز میں شامل تھے۔ ان کا سب سے بڑا وصف تحمل اور ٹھنڈا مزاج ہونا تھا جس کی آج سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ مجھے امید ہے کہ ان کے بچے ان کا مشن جاری رکھیں گے۔
وفاقی وزیر انجینئیر امیر مقام نے کہا کہ سیاست میں آنے سے پہلے سے ان کے کالم پڑھا کرتا تھا۔ سیاست میں آنے کے بعد ان سے دوستی ہو گئی۔ وہ ایک بہت باصلاحیت شخص تھے۔ ایک بہترین استاد، منفرد کالم نگار اور کامیاب سیاست دان کے طور پر انہوں نے خود کو منوایا۔ سیاسی سفر میں بھی انہوں نے بہت راہنمائی، حوصلہ افزائی اور مدد کی۔ قومی تاریخ و ادبی ورثہ کے وزیر کے طور پر انہوں نے مثالی کام کیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر شہادت اعوان نے کہا کہ استاد محترم کا ہر شاگرد یہ کہے گا کہ میں ان کے بہت قریب تھا۔ وہ اپنے شاگردوں پر فخر کرتے تھے۔ یہ ان کی محبت تھی۔ وہ پایے کے لکھاری تو تھے ہی لیکن سیاست میں بھی انہوں نے منفرد نقش چھوڑا ہے۔ سینیٹ نے ایک عظیم شخصیت کھوئی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ض) کے صدر محمد اعجاز الحق نے کہا کہ عرفان صدیقی سے 38 سال کا تعلق رہا۔ ان جیسا ذہین اور بہترین لکھاری ملنا مشکل ہے۔ انہوں نے تعلیم کے حوالے سے بھی بہت کام کیا۔
مزیدپڑھیں:پانی سے توانائی کا نیا راستہ؛ کراچی کے نوجوان انجینئرز کے پاک ہائیڈرو کی بڑی پیش رفت
ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ عرفان صدیقی سے میرا تعلق پیر اور مرید والا تھا۔ ان سے بہت سیکھا ہے۔
عرفان صدیقی کے بیٹے اور مشیر وزیراعلی پنجاب عمران خاور صدیقی نے تعزیتی ریفرنس کے انعقاد میں تعاون پر چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر شعبے میں عرفان صدیقی صاحب کمال تک پہنچے۔ وہ ہر دلعزیز استاد تھے اور آخری دم تک انہوں نے اپنے شاگردوں کو عزیز اور قریب رکھا۔ سیاست میں آ کر بھی انہوں نے تحمل، برد باری اور شائستگی کی اپنی روایت برقرار رکھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب بچوں کا ابو سے تعلق دوستانہ رہا۔ 16 کتابیں انہوں نے لکھیں لیکن کبھی فیملی اور سماجی تعلقات پر اس کا اثر نہیں پڑنے دیا۔ عرفان صدیقی صاحب پر ایک ویب سائٹ بنا دی ہے جس پر ان کی تصانیف، انٹرویوز اور تقاریر موجود ہوں گی۔
سینیئر صحافی حافظ طاہر خلیل نے عرفان صدیقی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے نام سے پارلیمانی ایوارڈ کا اجرا کیا جائے۔ ڈاکٹر فاروق عادل نے کہاکہ عرفان صدیقی ظرف اور برداشت والے انسان تھے۔ تدریس، کالم نگاری اور سیاست کے شعبوں میں وہ کامیابی کی مثال بنے۔
اس موقع پر ممتاز شاعر رحمن فارس نے نظامت کی زمہ داری نبھائی جبکہ حافظ نسیم خلیل نے تلاوت اور آغا نظام خلجی نے نعت پیش کی۔
خطہ پوٹھوہار کی معروف روحانی شخصیت پیر آغا کی سرکار نے سینیٹر عرفان صدیقی کے درجات کی بلندی کے لیے اجتماعی دعا کرائی۔












منگل 10 نومبر 2026 