اسلام آباد ٹریفک پولیس (ITP) نے خواتین کو دفتری امور میں آسانی اور بہترین ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام پولیس خدمت مراکز اور ٹریفک ہیڈ کوارٹرز میں خصوصی ’پنک کاؤنٹرز‘ قائم کر دیے ہیں۔
چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد خواتین کی پرائیویسی اور عزتِ نفس کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے خواتین اور طلبہ کی سہولت کے لیے متعدد نئے اقدامات متعارف کرا دیے ہیں، جن کے تحت طالب علم موٹر سائیکل کا ڈرائیونگ لائسنس اسی روز حاصل کرسکیں گے، خواتین کو مفت اسکوٹی چلانے کی تربیت دی جائے گی جبکہ ڈرائیونگ لائسنس گھر بیٹھے بھی منگوایا جاسکے گا۔
ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان کی قیادت میں اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو آسان اور بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے یہ اقدامات کیے ہیں۔
ان کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانا، طلبہ کو سہولت فراہم کرنا، سڑکوں پر حفاظت کو بہتر بنانا اور ٹریفک پولیس کی خدمات تک شہریوں کی رسائی آسان بنانا ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ایک افسر کے مطابق خواتین کے لیے پولیس خدمت مراکز اور ٹریفک ہیڈ کوارٹرز میں خصوصی پنک کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔
ان کاؤنٹرز پر صرف خواتین اہلکار تعینات ہوں گی، جہاں خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس اور کریکٹر سرٹیفکیٹ کے حصول کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
مزیدپڑھیں:سموسوں اور پکوڑوں کے ساتھ ہم زہر کیسے کھا رہے ہیں؟ یہ غلطی ہرگز نہ کریں
ان کاؤنٹرز پر خواتین درخواست گزاروں کو ترجیحی بنیادوں پر خدمات دی جائیں گی تاکہ انہیں انتظار اور غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس انتظام کا مقصد خواتین کی رازداری، عزت اور سہولت کا خاص خیال رکھنا ہے۔
طلبہ کے لیے 42 روز کی شرط ختم
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے کالجوں اور یونیورسٹیوں کے اہل طلبہ کے لیے موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس کے حصول میں بڑی سہولت فراہم کی ہے۔
اس اقدام کے تحت لرنر پرمٹ حاصل کرنے کے بعد 42 روز انتظار کرنے کی لازمی شرط ختم کردی گئی ہے اور طلبہ ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد اسی روز موٹر سائیکل کا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرسکیں گے۔
یہ خصوصی سہولت یکم نومبر سے 30 نومبر 2026 تک اسلام آباد ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹرز میں دستیاب ہے۔ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو بغیر لائسنس موٹر سائیکل چلانے سے روکنا اور انہیں قانونی طریقے سے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کی ترغیب دینا ہے۔
خواتین کے لیے مفت اسکوٹی ٹریننگ
خواتین کے لیے مفت اسکوٹی چلانے کی تربیت کے پروگرام میں بھی توسیع کردی گئی ہے، یہ تربیت یوران ڈرائیونگ اسکول میں فراہم کی جارہی ہے۔
ابتدائی طور پر یہ پروگرام یکم سے 15 نومبر تک جاری رہنا تھا، تاہم خواتین کی جانب سے بھرپور دلچسپی اور شرکت کے باعث اس کا دوسرا مرحلہ 16 سے 30 نومبر تک بڑھا دیا گیا ہے۔
اس پروگرام کے ذریعے خواتین کو اسکوٹی چلانے کی عملی تربیت دی جائے گی تاکہ وہ اعتماد کے ساتھ خود سفر کرسکیں اور اپنی روزمرہ نقل و حرکت میں خودمختار بن سکیں۔
ڈرائیونگ لائسنس گھر بیٹھے حاصل
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے کوریئر سروس ٹی سی ایس کے ذریعے ڈرائیونگ لائسنس کی گھر پر ترسیل کا نظام بھی متعارف کرادیا ہے۔
اس سہولت کے تحت لائسنس کے حصول کے لیے ضروری کارروائی مکمل کرنے والے شہری اپنا ڈرائیونگ لائسنس گھر بیٹھے وصول کرسکیں گے۔
اسلام آباد کے رہائشیوں کو لائسنس ایک دن کے اندر جبکہ دوسرے شہروں کے درخواست گزاروں کو دو دن کے اندر فراہم کیا جائے گا۔
اس اقدام سے شہریوں کو بار بار ٹریفک پولیس کے دفاتر جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور ان کا وقت بھی بچے گا۔
چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان کا کہنا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانا، طلبہ کو سہولت فراہم کرنا اور جدید، شفاف اور آسان ٹریفک خدمات کی فراہمی اسلام آباد ٹریفک پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے۔












بدھ 11 نومبر 2026 