عالمی منڈی میں تیل(Crude Oil) کی قیمتوں میں بدھ کو اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد گزشتہ سیشن میں دو ماہ کی کم ترین سطح پر آنے والی قیمتیں دوبارہ بڑھ گئیں۔ ایران جنگ میں کشیدگی کم ہونے کی امید اور آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں پر مسلسل حملوں کے خدشات کے باعث تیل کی منڈی میں اتار چڑھاؤ جاری ہے۔
عالمی بینچ مارک برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 71 سینٹ یا 0.78 فیصد اضافے کے بعد 92.20 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل 49 سینٹ یا 0.57 فیصد بڑھ کر 86.53 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔
واشنگٹن انسٹی ٹیوٹ فار نیئر ایسٹ پالیسی کے مطابق اکتوبر کے دوران آبنائے ہرمز اور اس کے اطراف کے آبی راستوں میں 37 بحری جہازوں کو حملوں کا نشانہ بنایا گیا، جو جنگ شروع ہونے کے بعد کسی ایک ماہ میں حملوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ نومبر میں بھی اب تک 10 حملے ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اتوار کو عمان کے ساحل کے قریب ایک آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی، جبکہ اسی روز تین ٹینکروں کو نشانہ بنایا گیا۔ برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز ایجنسی نے بھی منگل کو عمان کے شمال مشرق میں ایک اور ٹینکر پر حملے کی اطلاع دی۔
مزیدپڑھیں:شاپنگ کرتے ہوئے یہ باتیں لازمی یاد رکھیں!! خواتین نے دلچسپ اصول بتا دیے
ایل ایس ای جی کے تجزیہ کاروں کے مطابق ممکنہ معاہدے کے باوجود آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل معمول پر آنے کا انحصار بارودی سرنگوں کی صفائی، انشورنس اخراجات اور جہاز مالکان کے خطرات قبول کرنے پر ہوگا۔
دوسری جانب امریکی خام تیل کے ذخائر میں گزشتہ ہفتے 90 لاکھ بیرل اضافہ ہوا، جبکہ یوکرینی ڈرون حملوں کے باعث اکتوبر کے آخر سے روس کی تیل صاف کرنے کی صلاحیت میں تقریباً 30 فیصد کمی آئی ہے۔ ادھر روس اور یوکرین کے حکام نے منگل کو ابوظبی میں فروری کے بعد پہلی بار امن مذاکرات کیے۔












بدھ 11 نومبر 2026 