خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں انتظامی اختیارات کس کے پاس ہوں گے؟ نئے ایس او پیز میں کیا طے کیا گیا؟

Calender Icon ہفتہ 14 نومبر 2026

خیبرپختونخوا میں صوبائی کابینہ کی عدم موجودگی کے باعث 12 نامزد اضلاع کے لیے قائم ایریا ڈویلپمنٹ سیکریٹریٹ (ADS) کے انتظامی امور چلانے کے لیے باقاعدہ رولز آف بزنس کے بجائے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) تیار کر لیے گئے ہیں۔

فیصلے کے مطابق سیکریٹریٹ کے لیے الگ طریقہ کار وضع کیا گیا ہے، جس کے تحت ایڈیشنل چیف سیکریٹری کو اہم پالیسی فیصلوں، انتظامی معاملات، مخصوص افسران کے تبادلوں اور ضلعی انتظامیہ کی نگرانی کے مرکزی اختیارات حاصل ہوں گے۔

ایریا ڈویلپمنٹ سیکریٹریٹ کے 2026 کے ایس او پیز کے مطابق کوئی بھی اہم پالیسی فیصلہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری (نامزد اضلاع) کی منظوری کے بغیر نہیں کیا جا سکے گا، جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے طے کردہ پالیسی میں بھی ان کی مشاورت کے بغیر تبدیلی یا انحراف کی اجازت نہیں ہوگی۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری کو محکموں کے سیکریٹریز کی تجاویز منظور یا مسترد کرنے اور اہم معاملات وفاقی حکومت کو بھجوانے کا اختیار بھی دیا گیا ہے۔

ایس او پیز کے تحت سیکریٹریٹ کے مختلف محکموں کے سیکریٹریز اپنے متعلقہ محکموں کے روزمرہ امور چلانے اور منظور شدہ پالیسیوں پر عملدرآمد کے ذمہ دار ہوں گے، تاہم انہیں اہم فیصلوں اور محکموں کی کارکردگی سے ایڈیشنل چیف سیکریٹری کو باخبر رکھنا ہوگا۔

سیکریٹریز وفاقی حکومت سے سرکاری امور کے سلسلے میں براہ راست رجوع نہیں کر سکیں گے، جبکہ وفاقی حکام سے زبانی گفتگو کی تفصیلات بھی ایڈیشنل چیف سیکریٹری کو فراہم کرنا ہوں گی۔

تبادلوں اور تعیناتیوں کا اختیار کس کے پاس ہوگا؟

تبادلوں اور تعیناتیوں کے حوالے سے ایس او پیز کے شیڈول فور میں تین مخصوص کیٹیگریز کے لیے ایڈیشنل چیف سیکریٹری کی پیشگی منظوری لازمی قرار دی گئی ہے۔

ان میں ایریا ڈویلپمنٹ سیکریٹریٹ کے ایک محکمے سے دوسرے محکمے میں گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے افسران کے تبادلے، ایک ضلع سے دوسرے ضلع میں گریڈ 18 اور اس سے اوپر کے افسران کی تعیناتی اور نامزد اضلاع میں مختلف ڈویژنز کے درمیان تحصیلداروں اور نائب تحصیلداروں کے تبادلے شامل ہیں۔

ڈپٹی کمشنرز کی تعیناتی کے معاملے میں بھی متعلقہ محکمہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری کی منظوری سے صوبائی حکومت کے متعلقہ محکموں سے مشاورت کرے گا۔

تاہم ایس او پیز میں ہر قسم کے تبادلے کے لیے ایڈیشنل چیف سیکریٹری کی پیشگی منظوری لازمی نہیں بنائی گئی بلکہ مخصوص گریڈز اور انتظامی کیٹیگریز کا تعین کیا گیا ہے۔

مزیدپڑھیں:عمران خان نے مذاکرات جاری رکھنے کی ہدایت کی، نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے بھی حامی ہیں، بیرسٹر علی ظفر

اضلاع میں روزمرہ فیلڈ انتظامیہ کی ذمہ داری ڈپٹی کمشنرز کے سپرد کی گئی ہے، جو ترقیاتی سرگرمیوں اور مختلف سرکاری محکموں کے امور میں رابطہ کاری بھی کریں گے۔ تاہم یہ تمام ذمہ داریاں ایریا ڈویلپمنٹ سیکریٹریٹ کی نگرانی اور ہدایات کے تحت انجام دی جائیں گی۔

ڈپٹی کمشنرز اپنے معاملات ایڈیشنل چیف سیکریٹری کو سیکریٹری سیکیورٹی کے ذریعے بھجوائیں گے، جبکہ شیڈول سات میں شامل مخصوص معاملات متعلقہ محکموں کے ذریعے بھیجے جائیں گے۔

ترقیاتی فنڈز اور مالی معاملات کیسے چلائے جائیں گے؟

کوئی بھی محکمہ فنانس ڈیپارٹمنٹ کی پیشگی مشاورت کے بغیر ایسا حکم جاری نہیں کر سکے گا جس کے براہ راست یا بالواسطہ مالی اثرات ہوں۔

اسی طرح ترقیاتی منصوبوں کی منظوری، ان میں تبدیلی، ترقیاتی فنڈز کی تقسیم اور دوبارہ تخصیص کے معاملات پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے آگے بڑھائے جائیں گے۔

محکموں کے درمیان اختلافات کی صورت میں متعلقہ سیکریٹریز پہلے باہمی مشاورت سے معاملہ حل کرنے کی کوشش کریں گے، تاہم اتفاق رائے نہ ہونے پر معاملہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری کو بھجوایا جائے گا۔

اس مقصد کے لیے سیکریٹریز کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے، جس کا اجلاس کم از کم ماہ میں ایک مرتبہ منعقد کرنا لازمی ہوگا۔

ایس او پیز کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکریٹری اور سیکریٹریز وفاقی حکومت کی وزارتوں اور ڈویژنز سے براہ راست خط و کتابت کر سکیں گے، تاہم اہم اور پالیسی نوعیت کے معاملات کی خط و کتابت ایڈیشنل چیف سیکریٹری کے ذریعے ہوگی۔

سرکاری معلومات اور دستاویزات غیر مجاز افراد یا میڈیا کے ساتھ شیئر کرنے پر پابندی ہوگی، جبکہ سرکاری خبروں اور معلومات کی ترسیل کے لیے میڈیا سیل کو بنیادی ذریعہ مقرر کیا گیا ہے۔

ڈائریکٹوریٹ آف پراجیکٹس اور ڈیزگنیٹڈ ڈسٹرکٹس ڈیزآسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو عملیاتی خودمختاری بھی دی گئی ہے، تاہم ایڈیشنل چیف سیکریٹری کو رپورٹ کرنے کے لیے انہیں بالترتیب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے رابطہ کرنا ہوگا۔

نئے انتظامی ڈھانچے کے تحت ایڈیشنل چیف سیکریٹری کو پالیسی اور انتظامی نگرانی کا مرکزی کردار دیا گیا ہے، جبکہ محکموں کے سیکریٹریز اور ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے دائرہ اختیار میں سرکاری امور چلانے اور فیصلوں پر عمل درآمد کے ذمہ دار ہوں گے۔

نئے محکمے اور افسران کیسے تعینات ہوں گے؟

ذرائع کے مطابق مزید سیکریٹریز کی پوسٹیں بھی تخلیق کی جا سکتی ہیں اور اب تک تقسیم کیے جانے والے محکمے دوسرے تخلیق شدہ محکموں کو بھی دیے جا سکتے ہیں۔

اے ڈی ایس میں تعینات ملازمین کی تنخواہوں کے لیے بھی طریقہ کار وضع کیا جا رہا ہے کہ کس طرح انہیں تنخواہیں دی جائیں گی۔ اس کے علاوہ 2 الگ اکاؤنٹس بھی بنائے جا رہے ہیں جہاں وفاقی حکومت خصوصی گرانٹ کے طور پر فنڈز فراہم کرے گی، جنہیں ترقیاتی کاموں کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

کسی بھی افسر کی تعیناتی کے لیے وفاقی حکومت یا خیبرپختونخوا کے چیف سیکریٹری کو متعلقہ افسر کے لیے ریکوزیشن ارسال کی جائے گی اور اس طرح ان کی تعیناتی اے سی ایس کریں گے۔

تاہم اے سی ایس 12 اضلاع کے اندر ایک ڈپٹی کمشنر کو دوسرے ضلع میں ڈپٹی کمشنر کے طور پر تعینات کرنے کے بھی خواہش مند ہیں اور یہ اختیار بھی ان کے پاس ہی ہوگا۔

اے ڈی ایس کے مشیر اطلاعات محمود جان بابر نے وی نیوز کو بتایا کہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری کے پاس تبادلوں کے اختیارات موجود ہیں اور سیکریٹریٹ کے لیے باقاعدہ طور پر ایس او پیز تیار کر لیے گئے ہیں۔