سینئر اینکر پرسن ربیعہ احسن(Rabia Ahsan) کے قتل کے مقدمے میں پولیس تفتیش جاری ہے اور اس سلسلے میں گرفتار ملزم احسن نے دوران تفتیش اپنی ازدواجی زندگی اور مبینہ تنازعات سے متعلق تفصیلی بیان ریکارڈ کرا دیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ان دعوؤں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں کہا جا رہا تھا کہ میاں بیوی کے درمیان طویل عرصے سے تعلقات کشیدہ تھے۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس اس کیس کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے اور سوشل میڈیا پر پھیلنے والی قیاس آرائیوں کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
پولیس کے مطابق میاں بیوی کے موبائل فونز کا تکنیکی تجزیہ کیا گیا ہے، جس میں دونوں کے درمیان کسی مستقل باہمی ناراضگی یا مسلسل کشیدگی کے شواہد نہیں ملے ہیں۔
تاہم پولیس ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ مقتولہ ربیعہ اور ملزم احسن کے درمیان بیوٹی سیلون کے ایک معاملے پر جھگڑا ضرور ہوا تھا، جس کے حوالے سے ملزم نے اپنا مؤقف ریکارڈ کرایا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم احسن نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ اس نے اور ربیعہ نے سنہ 2010 میں پسند کی شادی کی تھی اور دونوں ابتدا میں ایک نجی بینک میں اکٹھے ملازمت کرتے تھے۔
مزیدپڑھیں:بیوی پر پابندیوں کی خبریں، خوشحال خان نے خاموشی توڑ دی
ملزم کے بیان کے مطابق بینک کی ملازمت کے بعد اس نے ایک موبائل نیٹ ورک کمپنی میں کام شروع کیا، جبکہ ربیعہ کو برٹش ہائی کمیشن میں بھی ملازمت مل گئی تھی۔
ملزم کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کے دوران ربیعہ نے اپنا بیوٹی سیلون کھولنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے کاروباری معاملات میں اس نے بھی اپنی اہلیہ کا ساتھ دیا۔
سیلون کے تنازع کی وضاحت کرتے ہوئے ملزم احسن نے دعویٰ کیا کہ سیلون کی دو ملازم خواتین کے آپسی تنازع کی وجہ سے میاں بیوی میں وقتی ناراضگی پیدا ہوئی تھی۔
ملزم کے بقول ایک ملازمہ نے دوسری ملازمہ کو نوکری سے نکلوانے کی غرض سے اس پر تعلقات کا جھوٹا الزام عائد کیا تھا۔
احسن نے تفتیش کے دوران دعویٰ کیا کہ اس نے ربیعہ کے سامنے اس الزام کی مکمل تردید کی تھی اور اہلیہ کو یقین دلانے کے بعد ان کے درمیان پیدا ہونے والی ناراضگی ختم ہو گئی تھی۔
اپنے بیان میں ملزم نے مزید دعویٰ کیا کہ ان کی 16 سالہ ازدواجی زندگی میں اس واقعے کے علاوہ کوئی بڑا تنازع نہیں رہا اور وہ روزانہ شام کو ربیعہ کے ساتھ جم میں بیڈمنٹن کھیلنے جایا کرتا تھا۔
ملزم نے مقتولہ کو ایک محنتی اور اپنی محنت سے مقام بنانے والی پیشہ ور خاتون قرار دیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم کے بیانات اور موبائل فونز کے ڈیٹا سمیت تمام شواہد کو فرانزک اور قانونی تقاضوں کے تحت پرکھا جا رہا ہے تاکہ مقدمے کی تفتیش کو حتمی شکل دی جا سکے۔












ہفتہ 14 نومبر 2026 