شادی کے لیے حکومت کا لاکھوں روپے کی مدد کا اعلان؛ طریقہ جانیے

Calender Icon ہفتہ 14 نومبر 2026

حکومت پنجاب(Government Of Punjab) نے مستحق اور کم آمدنی والے خاندانوں کی بیٹیوں کی شادی کے اخراجات میں معاونت کے لیے ’دھی رانی پروگرام‘ دوبارہ شروع کر دیا ہے، جس کے تحت اہلیت رکھنے والی دلہنوں کو 2 لاکھ روپے مالی امداد فراہم کی جائے گی۔

پنجاب سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ڈیپارٹمنٹ کے مطابق یہ رقم سلامی کے طور پر اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے ادا کی جائے گی جبکہ اجتماعی شادیوں کی تقریبات کے تمام اخراجات بھی صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔

محکمہ سوشل ویلفیئر کے مطابق اس پروگرام کے تحت اجتماعی شادیوں کی تقریبات کا دوبارہ آغاز 12 نومبر 2026 کو کر دیا گیا ہے، اور حکومت کا ہدف ہے کہ مالی سال 2026-27 کے دوران مزید 5 ہزار مستحق جوڑوں کی شادیاں کرائی جائیں۔

سرکاری ہدایات کے مطابق یہ مالی امداد صرف حکومت کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی اجتماعی شادیوں کے منصوبے کا حصہ ہے اور نجی طور پر منعقد کی جانے والی شادیوں کے لیے کسی قسم کی عمومی نقد امداد فراہم نہیں کی جائے گی۔

پروگرام کی اہلیت کے معیار کے تحت یتیم بچیوں، معذور خواتین، معذور افراد کی بیٹیوں اور معاشی طور پر کمزور خاندانوں سے تعلق رکھنے والی دلہنوں کو ترجیح دی جائے گی۔

اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے دلہن کی عمر 18 سے 40 سال کے درمیان ہونا اور اس کے پاس صوبہ پنجاب کا درست ڈومیسائل ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

مزیدپڑھیں:بنوں میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام، جوابی کارروائی میں 4 خوارج ہلاک

دلہن خود درخواست جمع کرا سکتی ہے، جبکہ اس کے والد، والدہ یا قانونی سرپرست کو بھی اس کی جانب سے درخواست دینے کا اختیار حاصل ہے۔

حکومتی شرائط کے مطابق درخواست گزار دلہن کا رشتہ طے شدہ ہونا ضروری ہے اور اس کے لیے لازم ہے کہ وہ غیر شادی شدہ ہو اور اجتماعی شادی کی تقریب میں شرکت پر آمادہ ہو۔

اس مقصد کے لیے حکومت کی جانب سے ایک حلف نامہ بھی طلب کیا گیا ہے جس میں دلہن کے غیر شادی شدہ ہونے اور پروگرام میں شرکت کی رضامندی کی تصدیق کی گئی ہو۔

حکام کا کہنا ہے کہ اگر موصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد مقررہ گنجائش سے تجاوز کر گئی تو اہل امیدواروں کا انتخاب الیکٹرانک قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔

رجسٹریشن کے طریقہ کار کے مطابق دلچسپی رکھنے والے خاندان پنجاب دھی رانی پروگرام کے سرکاری پورٹل کے ذریعے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔

سرکاری طریقہ کار کے تحت درخواست گزاروں کو پہلے اپنا نام، قومی شناختی کارڈ نمبر، ضلع اور موبائل نمبر درج کر کے پورٹل پر اکاؤنٹ بنانا ہو گا، جس کے بعد لاگ ان کر کے درخواست فارم مکمل کیا جا سکے گا اور ہدایات کے مطابق ضروری دستاویزات اپ لوڈ کی جائیں گی۔

متعلقہ حکام موصول ہونے والی تمام درخواستوں کی جانچ پڑتال اور امیدواروں کی اہلیت کی تصدیق کے بعد حتمی منظوری دیں گے۔

پروگرام کے قواعد و ضوابط کے مطابق منتخب ہونے والے درخواست گزاروں کو اجتماعی شادی کی تقریب کی تاریخ اور تفصیلات سے ایس ایم ایس کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا، جس کے بعد انہیں تقریب کے موقع پر اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے 2 لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔