ڈھاکا ایئرپورٹ پر دلچسپ صورتحال: ملائیشیا سے لوٹنے والے شہری کی تینوں بیویوں کی اپنے ساتھ لے جانے کی کوشش

Calender Icon ہفتہ 14 نومبر 2026

بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا کے ایئرپورٹ پر اس وقت انتہائی دلچسپ اور ہنگامہ خیز صورتحال پیدا ہوگئی جب ملائیشیا سے وطن واپس لوٹنے والے ایک شخص کا استقبال کرنے کے لیے اس کی تین بیویاں بیک وقت پہنچ گئیں۔

ایئرپورٹ پر غیر معمولی گھیراؤ اور کھینچا تانی
خبر رساں ادارے کے مطابق جیسے ہی ملائیشیا سے آنے والا یہ شخص ڈھاکا ایئرپورٹ سے باہر نکلا، وہاں پہلے سے موجود تینوں خواتین نے اسے دیکھتے ہی چاروں طرف سے گھیر لیا اور اس پر اپنا اپنا حق جتاتے ہوئے اپنے ساتھ گھر لے جانے پر اصرار کرنے لگیں۔ ابتدا میں تینوں بیویوں کے درمیان شروع ہونے والی بحث و تکرار دیکھتے ہی دیکھتے شدید تلخ کلامی، دھکم پیل اور ہاتھا پائی میں تبدیل ہوگئی، جسے دیکھ کر ایئرپورٹ پر موجود دیگر مسافر بھی حیران و پریشان رہ گئے۔

سیکیورٹی عملے کی مداخلت اور ویڈیو وائرل
خبر رساں ادارے کے مطابق تینوں خواتین کی جانب سے شوہر کو اپنی طرف کھینچنے اور آپس میں الجھنے کے باعث ایئرپورٹ احاطے میں شدید کشیدگی پھیل گئی۔ صورتحال کو بگڑتا دیکھ کر ایئرپورٹ سیکیورٹی کا عملہ فوری طور پر حرکت میں آیا اور بیچ بچاؤ کرا کے معاملے کو قابو میں لانے کی کوشش کی۔ اس پورے ڈرامائی واقعے کی موبائل سے بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس پر صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔