وفاقی حکومت نے چھوٹے ودرمیانے درجے کے کاروباروں اور برآمدی سطح پر معاشی ترقی کے لیے پاک ایگزم کے زیرانتظام ایکسپورٹ فنانس اسکیم کے تحت مالی سال 2026-27 کے لیے 300ارب روپے کی مالیاتی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
یہ سہولت مالی سال 2026-27 کے دوران ایس ای ای سیکٹر کو مضبوط، سستی فنانسنگ تک رسائی میں بہتری اور برآمدات کی قیادت میں ملک میں اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگی۔
پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین سید ضیاء علمدار حسین نے اس اہم اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ حکومت کے ایس ایم ای سیکٹر کی ترقی اور برآمدات کی نمو میں معاون ثابت ہوگا۔
انہوں نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے وژن اور قیادت اور وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب، وزارت خزانہ اور پاک ایگزم بینک کی جانب سے ایس ایم ای ایکسپورٹرز کو سہولت فراہم کرنے کے لیے یہ بامقصد قدم اٹھانے کی کوششوں کو سراہا۔
واضح رہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے برآمد کنندگان کے لیے سستی ورکنگ کیپیٹل تک رسائی ایک بڑا چیلنج بنی ہوئی ہے، خاص طور پر وہ ایس ایم ایز جو اپنی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے، نئے برآمدی آرڈرز کے حصول اور بین الاقوامی منڈیوں میں مقابلہ کرنے کی خواہشمند ہیں۔
اب صرف اہل ایس ایم ایز کے لیے 300ارب روپے مختص کرنے سے ایسے ایس ایم ایز کو ناصرف مطلوبہ فنانسنگ حاصل کرنے کا ایک اچھا موقع مل سکے گا بلکہ انہیں اپنی مسابقت کو مضبوط بنانے میں مدد مل سکے گی۔
ایس ایم ایز پاکستان کے صنعتی اور برآمدی ماحولیاتی نظام کا ایک اہم جزو ہیں، جو روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے، صنعتی تنوع، انٹرپرینیورشپ اور پائیدار اقتصادی ترقی میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں۔ یہ اقدام چھوٹے کاروباری اداروں کو برآمدی منڈیوں میں داخل ہونے، اپنے کاروبار کو وسعت دینے اور ملک کی غیرملکی زرمبادلہ کی آمدنی حاصل کرنے میں زیادہ مؤثر طریقے سے حصہ ڈالنے کی ترغیب دے گا۔
پی ایچ ایم اے کے چیئرمین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مزکورہ فنانسنگ فراہم کرنے والے بینکوں کو چاہیے کہ وہ فنانسنگ درخواستوں کی شفاف، بروقت اور پریشانی سے پاک پراسیسنگ کو یقینی بنائیں تاکہ مختص فنڈز غیر ضروری طریقہ کار میں تاخیر کے بغیر حقیقی ایس ایم ای برآمد کنندگان تک پہنچیں۔ بینکوں کو اہلیت کی ضروریات کو واضح طور پر بتانا چاہیے اور مستحق کاروباروں کو اسکیم تک رسائی میں سہولت فراہم کرنی چاہیے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت کاروبار کرنے کی لاگت کو کم کرنے، فنانس تک رسائی کو بہتر بنانے، توانائی کے مسابقتی ٹیرف کو یقینی بنانے اور مجموعی برآمدی ماحول کو مستحکم کرنے کے لیے عملی اور کاروبار دوست پالیسیاں متعارف کرائے گی۔
مزید پڑھیں:خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال، گورنر کو مزید اختیارات دینے کا فیصلہ
ضیاء علمدار حسین نے پاکستان کی ٹیکسٹائل، ہوزری اور نٹ ویئر کی برآمدات کو فروغ دینے اور بین الاقوامی منڈیوں میں ملک کی پوزیشن کو مستحکم کرنے کے لیے حکومت اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پی ایچ ایم اے کے عزم کا اعادہ کیا۔












اتوار 15 نومبر 2026 