وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کی حمایت کردی

Calender Icon پیر 16 نومبر 2026

وفاقی وزیرِ مواصلات اور صدر استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) عبدالعلیم خان نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کرانے کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے انتظامی یونٹس کی تشکیل کے بغیر عام آدمی کو ریلیف نہیں مل سکتا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام پر ان کی جماعت کا مؤقف نہایت واضح ہے اور ملتان و بہاولپور سمیت پنجاب میں نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ترین ضرورت بن چکا ہے، کیونکہ نئے انتظامی یونٹس بنائے بغیر عوام کی حقیقی داد رسی ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر نئے صوبوں کے قیام سے کسی کی بادشاہت کو فرق پڑتا ہے تو اس میں کوئی حرج نہیں، کیونکہ بادشاہت صرف اللہ کی ہے اور کسی بندے کی کوئی بادشاہت نہیں، اس لیے کسی کو بھی اپنی حکمرانی سکڑنے کا خدشہ نہیں ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کی تشکیل کے لیے جمہوری طریقہ کار کے تحت ریفرنڈم ضرور ہونا چاہیے اور اگر جنوبی پنجاب کے عوام ریفرنڈم میں نئے صوبوں کے حق میں ووٹ دیتے ہیں تو یہ انتہائی خوش آئند اقدام ہوگا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے عبدالعلیم خان نے بتایا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) خطے میں پوری طرح سرگرمِ عمل ہے اور مختلف اہم شاہراہوں پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ لودھراں ملتان ایکسپریس وے کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے اور انہوں نے لودھراں ملتان ایکسپریس وے این-5 کے درمیان گرین بیلٹ بنانے اور جدید لائٹنگ نصب کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ مزید برآں، وفاقی وزیر نے بتایا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کی سہولت کے لیے مظفر گڑھ تا میانوالی سڑک کی تعمیر بھی کی جا رہی ہے جبکہ لیہ تونسہ پل کے ساتھ رابطہ سڑکوں کی تعمیر کا منصوبہ بھی جاری ہے۔ قبل ازیں وفاقی وزیرِ مواصلات نے وفاقی سیکرٹری مواصلات اور چیئرمین این ایچ اے کے ہمراہ ملتان کا دورہ بھی کیا۔