راولپنڈی میں ڈیجیٹل ڈیزائنر حنا جاوید کے لرزہ خیز قتل کیس میں 88 روز گزرنے کے باوجود مقدمے کا چالان عدالت میں پیش نہ کیے جانے پر ڈسٹرکٹ پراسیکیوشن برانچ نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) راولپنڈی کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے، جبکہ تفتیش میں اہم پیشرفت کے دوران مقدمے میں جنسی زیادتی کی دفعہ بھی شامل کر لی گئی ہے۔
مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈسٹرکٹ پراسیکیوشن برانچ نے سی پی او راولپنڈی کو لکھے گئے خط میں واضح کیا ہے کہ قانون کے مطابق پولیس 14 روز کے اندر چالان پیش کرنے کی پابند ہے، تاہم اتنا طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود تاحال چالان جمع نہیں کرایا گیا۔ پراسیکیوشن برانچ نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ تفتیشی ٹیم اور ایس ایچ او کو فوری طور پر چالان پیش کرنے کا پابند بنایا جائے، جبکہ اس خط کی نقول آئی جی پنجاب اور وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کو بھی بھجوا دی گئی ہیں۔ اس حوالے سے قانونی ماہرین اور وکلا کا کہنا ہے کہ سنگین نوعیت کے مقدمات میں چالان پیش کرنے میں تاخیر پولیس کا معمول بنتی جا رہی ہے۔
مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق دوسری جانب حنا جاوید قتل کیس کی تفتیش میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اور پولیس ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ مقدمے میں جنسی زیادتی کی دفعہ 376 بھی شامل کر لی گئی ہے، جبکہ اس سے قبل درج کی گئی ابتدائی ایف آئی آر میں صرف قتل کی دفعہ 302 ہی شامل تھی۔ ذرائع کے مطابق ڈی این اے رپورٹ میں اس بات کا انکشاف ہوا تھا کہ مقتولہ حنا جاوید کو قتل سے قبل جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا اور رپورٹ میں ان کے ملازم ذیشان کے نمونے پائے گئے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دستیاب شواہد کی روشنی میں تفتیش کو آگے بڑھایا جا رہا ہے اور اس اندوہناک قتل میں مقتولہ کے شوہر ڈاکٹر فیصل اور ملازم ذیشان کے ملوث ہونے کا الزام ہے۔












پیر 16 نومبر 2026 