Advertisement

متحدہ عرب امارات میں آئندہ سال چھیالیس فیصد کمپنیوں کی تنخواہوں میں اضافے کا امکان

Calender Icon منگل 17 نومبر 2026

متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والے ملازمین کے لیے اچھی خبر سامنے آئی ہے جہاں آئندہ برس تقریباً 46 فیصد کمپنیاں اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں، جس کا مجموعی اوسط تناسب 2.8 فیصد متوقع ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک معروف ریکروٹمنٹ ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ سال 2027 کی سیلری گائیڈ میں بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے متعدد ادارے آئندہ سال تنخواہوں میں ایک سے 5 فیصد تک اضافہ کریں گے، جبکہ 42 فیصد کمپنیوں نے موجودہ تنخواہوں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق 2.8 فیصد اوسط اضافے کے حساب سے 3 ہزار درہم ماہانہ تنخواہ پانے والے ملازمین کی تنخواہ میں 84 درہم (تقریباً 6 ہزار 326 پاکستانی روپے)، 5 ہزار درہم کمانے والوں کی تنخواہ میں 140 درہم (تقریباً 10 ہزار 543 پاکستانی روپے) اور 10 ہزار درہم ماہانہ تنخواہ لینے والے ملازمین کی آمدنی میں 280 درہم (تقریباً 21 ہزار 87 پاکستانی روپے) تک اضافہ متوقع ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سیلری گائیڈ میں ملازمتوں کے نئے مواقع کا جائزہ لیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سال 2027 کے دوران 42 فیصد کمپنیاں اپنے کاروبار کو وسعت دینے کے لیے نئی بھرتیاں کریں گی، جبکہ 32 فیصد ادارے اپنے موجودہ ملازمین کی تعداد کو برقرار رکھیں گے۔ رپورٹ میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ نئی بھرتیوں کی مجموعی شرح میں اوسطاً 0.9 فیصد اضافہ متوقع ہے، اور آئندہ برس متحدہ عرب امارات کے رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کے امکانات سب سے زیادہ روشن ہیں۔