اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو جیل میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں کی سماعت میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت 7 روز کے لیے ملتوی کر دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
عمران خان کا خط پوری پبلک کو چلا گیا ہے
دوران سماعت بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت سے اپیلوں پر تیاری کے لیے 2 ہفتے کا وقت دینے کی استدعا کی۔ اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر رافع مقصود نے عدالت سے کہا کہ اپیلوں پر کل دوبارہ سماعت رکھ لیں۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے نیب پراسیکیوٹر سے کہا، ”آپ کو بہت جلدی لگ رہی ہے، وہ (عمران خان) سابق وزیراعظم ہیں، قابلِ احترام ہیں، ان کے اپنے مسائل ہیں، پوری پبلک کو خط چلا گیا ہے۔“
’لائیو دکھایا جائے، سب سامنے آ جائے گا کہ کیس کیا ہے‘
بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ یہ کھوکھلا کیس ہے، انجام وہی ہوگا جیسے پہلے سزائیں ختم ہوئیں، جنرل ریٹائرڈ مشرف کیس میں بھی لائیو اسٹریمنگ ہوئی، سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ میں بھی لائیو اسڑیمنگ ہو چکی ہے، ہماری استدعا ہے اس کیس کی لائیو سڑیمنگ کی جائے، اس میں سب سامنے آ جائے گا کہ سابق وزیراعظم کے خلاف کیس کیا ہے۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت سے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت لائیو دکھانے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ اس عدالت نے اپیلوں پر قانون کے مطابق فیصلہ کرنا ہے، جس پر چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے کہا کہ ہم اپیلوں پر قانون کے مطابق ہی فیصلہ کریں گے۔ سلمان صفدر نے کہا کہ یہ کمزور کیس ہے اور مجھے میرٹ پر دلائل دینے پر خوشی ہو گی۔
کون کس کا وکیل؟
اس موقع پر چیف جسٹس نے لطیف کھوسہ کو دلائل شروع کرنے کی ہدایت کی تو بیرسٹر سلمان صفدر نے اعتراض کیا کہ یہ اپیلوں پر دلائل کیسے شروع کر سکتے ہیں؟
چیف جسٹس نے بیرسٹر سلمان سے کہا کہ آپ بیچ میں مت بولیں جس کے جواب میں بیرسٹر سلمان نے کہا کہ ”پھر آپ لطیف کھوسہ سے ہی پوچھ لیں کہ کیا ہدایات ملی ہیں؟“
لطیف کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی اپیل پر بیرسٹر سلمان صفدر دلائل دیں گے، بشری بی بی کی اپیل پر مجھے دلائل کی ہدایات ملی ہیں۔
بشریٰ بی بی کو ہر ممکن میڈیکل سہولت دی جائے، عدالت
لطیف کھوسہ نے مزید بتایا کہ بشریٰ بی بی کے سیل میں صفائی کی صورتحال انتہائی خراب ہے، جس پر جسٹس سرفراز ڈوگر نے بشریٰ بی بی کو جیل میں ہر ممکن میڈیکل سہولت فراہم کرنے کا آرڈر جاری کرد یا۔ عدالت نے واضح کیا کہ اگر اسپیشلسٹ ڈاکٹر کی ضرورت ہو تو اس سے علاج کرایا جائے۔
عدالت نے حکم دیا کہ بشریٰ بی بی کے جیل سیل میں صفائی کا خیال رکھا جائے، جیل رولز کے مطابق جو ممکن ہو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جائیں۔
اسی دوران ایدووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کو پہلے بھی جب کبھی ضرورت پڑی تو انہیں جیل سے باہر علاج کے لیے لے جایا گیا۔ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو جیل حکام کے ذریعے عدالتی آرڈر پر عمل کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ، ”بشریٰ بی بی جہاں سمجھتی ہیں اور جیسے کہتی ہے، جیل رولز کے مطابق ان کا علاج کرائیں۔“
چیف جسٹس نے مزید ہدایت دی کہ وکیل نے جن خدشات کا اظہار کیا ان کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے لطیف کھوسہ سے کہا کہ بشریٰ بی بی محفوظ ہاتھوں میں ہیں، آپ پریشان نہ ہوں، جس پر لطیف کھوسہ نے کہا کہ جیل تو بیماریوں کا گڑھ ہے، بشریٰ بی بی کی سرجری کے بعد وہاں انفیکشن کا خطرہ ہے۔
مزید پڑھیں:پاکستانی خلا باز چین کے شین ژو 24 مشن کا حصہ، تاریخ رقم کرنے کی تیاری
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر بولے یہ تو سب مفروضوں کی باتیں ہیں کہ ایسا ہو گیا تو ویسا ہو جائے گا۔ لطیف کھوسہ نے کہا عدالت ضمانت دے دے تو بشریٰ بی بی پھر بھی عدالت کی کسٹڈی میں ہوں گی۔ اس موقع پر سرکاری وکیل بول پڑے کہ اپیلوں پر دلائل دیں تو وہ بری بھی تو ہو سکتی ہیں۔













بدھ 18 نومبر 2026 
