Advertisement

مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں غیر ملکی قرض میں5 ارب 90 کروڑ ڈالر اضافہ

Calender Icon بدھ 18 نومبر 2026

اسلام آباد: رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران پاکستان کو 5 ارب 90 کروڑ ڈالر کے غیر ملکی قرضے اور گرانٹس موصول ہوئے، جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں بیرونی قرضوں کی وصولی میں 2 ارب 88 کروڑ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق جولائی سے اکتوبر 2026 کے دوران حکومت نے 1637 ارب روپے کے غیر ملکی قرضے حاصل کیے، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 988 ارب روپے زیادہ ہیں۔

اکتوبر 2026 میں حکومت نے 122 ارب روپے کے غیر ملکی قرضے حاصل کیے۔ ان میں سے 90 ارب روپے بجٹ سپورٹ اور شارٹ ٹرم قرضوں کی مد میں موصول ہوئے، جبکہ پراجیکٹ فنانسنگ کے تحت 24 ارب 50 کروڑ روپے حاصل ہوئے۔ اکتوبر 2025 کے مقابلے میں اکتوبر 2026 کے دوران قرضوں کے حصول میں 10 ارب روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان نے رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں 3 ارب ڈالر کے نئے بانڈز بھی جاری کیے۔ ان میں سے ایک ارب 75 کروڑ ڈالر کے بانڈز پر شرح منافع 7.5 فیصد مقرر کی گئی ہے۔

جن کی میچورٹی 2032 میں ہوگی۔ ایک ارب 25 کروڑ ڈالر کے بانڈز پر 7.9 فیصد شرح منافع ادا کیا جائے گا اور یہ 2036 میں میچور ہوں گے۔ تین ارب ڈالر کے بانڈز سے حاصل ہونے والی رقم بجٹ سپورٹ کے لیے استعمال کی جا سکے گی۔

نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کے ذریعے اکتوبر 2026 میں 44 کروڑ ڈالر حاصل کیے گئے، جبکہ ستمبر 2026 میں اس مد میں 31 کروڑ ڈالر موصول ہوئے تھے۔ رپورٹ کے مطابق نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں سالانہ بنیادوں پر سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

جولائی سے اکتوبر کے دوران چین سے 30 کروڑ 55 لاکھ ڈالر کے ضمانتی قرضے موصول ہوئے، جبکہ اکتوبر میں سعودی عرب نے پاکستان کو ایک کروڑ 41 لاکھ ڈالر فراہم کیے۔ فرانس سے 2 کروڑ ڈالر اور جرمنی سے ایک کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی مالی معاونت بھی حاصل ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق عالمی بینک کے آئی ڈی اے پروگرام کے تحت چار ماہ میں 42 کروڑ 75 لاکھ ڈالر موصول ہوئے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک سے 17 کروڑ ڈالر اور ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک سے 2 کروڑ 76 لاکھ ڈالر حاصل کیے گئے۔

مزید پڑھیں:ایرانی فوج کی کویت میں امریکی پیٹریاٹ دفاعی نظام پر ڈرون حملوں کی تصدیق

اسلامی ترقیاتی بینک نے چار ماہ کے دوران 3 کروڑ 10 لاکھ ڈالر فراہم کیے، جبکہ اسی بینک سے شارٹ ٹرم فنانسنگ کی مد میں مزید 23 کروڑ 84 لاکھ ڈالر بھی موصول ہوئے۔