Advertisement

حضرت عمرؓ پر سوال ہو سکتا ہے، مولانا پر کیوں نہیں؟ بلاول کی پرفارمنس زیرو ہے، طلال چوہدری

Calender Icon بدھ 18 نومبر 2026

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ حضرت عمرؓ پر سوال ہو سکتا ہے تو مولانا فضل الرحمن پر کیوں نہیں؟ انہوں نے کہا کہ بلاول آئین کے چیمپئن بنتے ہیں، ان کی آئین پر پرفارمنس زیرو ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل دیا اور کہا کہ بلاول بھٹو نے کل اپنی طرف سے بڑا دھواں دار بیانیہ دیا، وہ آئین کے چیمپئن بنتے ہیں اور جمہوریت کے لیے لمبی لمبی تقریریں کرتے ہیں، انہیں تھیوری تو آتی ہے لیکن آئین کے حوالے سے ان کی پرفارمنس زیرو ہے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ آئین یہ نہیں کہتا کہ اپنی پسند کی شقوں کو ٹھیک اور باقی کو غلط قرار دیا جائے۔ پاکستان میں 3 صوبوں میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، 3 صوبوں کے سربراہ ان کے ہیں، اس کے باوجود وہ ایسا تاثر دیتے ہیں جیسے ان کا حکومت سے کوئی تعلق نہیں۔ یہ ایسے ہی ہے جیسے 5 بچوں کے بعد خاتون اپنے شوہر سے کہے کہ مجھے محبت نہیں ملی۔

انہوں نے کہا کہ 70 فیصد پاکستان میں حکمرانی آپ کی ہے، آپ کہتے ہیں ایڈمنسٹریٹو یونٹس بننے چاہییں، ایڈمنسٹریٹو یونٹس کا مطلب ہے کہ عام آدمی تک سہولیات نہیں پہنچ رہیں۔ آپ کا مؤقف یہ ہے کہ جس صوبے میں گورننس اچھی نہیں، وہ تبدیل نہیں ہونا چاہیے اور جہاں اچھی حکومت ہے، اس کو تبدیل کیا جائے۔

آپ ایڈمنسٹریٹو یونٹس والے معاملے پر ووٹ ڈال دیں اور پھر پریس کانفرنس کرکے کہیں کہ طاقت کے باعث ووٹ دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے اسمبلی میں کہا کہ آئینی عدالت وقت کی ضرورت ہے، پھر آپ نے بینظیر بھٹو کی تقریروں کا حوالہ دیا، آج آپ کہتے ہیں زبردستی ووٹ دیا۔ اگر طاقت اس لیے اپنے پاس رکھنی ہے کہ وسائل اپنے پاس رکھنے ہیں تو اس کا کیا مطلب ہے؟ آپ نے کہا سندھ کی گلیوں میں خون بہے گا، کیا ووٹ دینے سے خون رکتا ہے یا بہتا ہے؟

طلال چوہدری نے کہا کہ آپ کی 17 سال کی حکمرانی نے سندھیوں کا خون نچوڑ لیا ہے، پہلے دیکھ لیں سندھیوں میں خون بچا بھی ہے یا نہیں۔ آپ آدھے آئین کو ماننا چاہتے ہیں اور اپنے ہی بنائے گئے آدھے آئین کو کہتے ہیں کہ یہ ٹھیک بنا ہی نہیں۔ جمہوریت میں پرفارمنس بھی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین میں تبدیلی لوگوں کے حالات کو بہتر بنانے کے لیے مختلف اوقات میں ہوتی رہی ہے، پاکستان میں حالات کے مطابق یہ چیزیں ایسے ہی چلتی رہیں گی۔ بلاول نے کہا کوئی شرم حیا ہونی چاہیے، یہ شرم یا حیا انہیں اپنے گورنر کو دلانی چاہیے، سب سے پہلا حملہ ان کے گورنر نے مولانا فضل الرحمان پر کیا۔

طلال چوہدری نے سوال کیا کہ کیا اپنے پارٹی کے گورنر کو شرم دلانا چاہتے ہیں؟ مولانا فضل الرحمان پر سیدھے سیدھے سوال ہیں، انہیں ان کا جواب دینا چاہیے۔ مولانا سے صرف اتنا پوچھا ہے کہ آپ کے اثاثے کہاں سے آئے ہیں، مولانا کے بیٹوں کے اثاثوں پر سوال اٹھے ہیں، حضرت عمرؓ پر سوال ہوسکتا ہے تو مولانا فضل الرحمان پر کیوں نہیں ہوسکتا؟

انہوں نے کہا کہ یہ حکومت بنتے ہوئے لانگ ٹرم اتحاد بنا تھا، وہ ایک دن کے لیے نہیں تھا، بلاول تقریر کرکے اپوزیشن بننا چاہتے ہیں، اس ٹرم میں اسی طرح حالات چلنے ہیں، کوئی چیز بھی نہیں بدلی۔ بلاول نے کہا وہ سیاسی قیدی ہیں، اگر 190 اور 9 مئی کا ماسٹر مائنڈ سیاسی قیدی ہیں تو انتشار پھیلانے اور ریاست میں کیا فرق ہے؟

وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ گزشتہ چند روز سے دیکھ رہے ہیں کہ بہت اچھے وی لاگز چل رہے ہیں، وی لاگز کی ریٹنگ بھی اچھی آرہی ہے لیکن ان سے کچھ تبدیل ہونے نہیں جارہا۔ حکومت جیسے چل رہی ہے ویسے ہی چلتی رہے گی، موجودہ حکومت نے مزید کافی عرصہ اسی طرح چلنا ہے اور پیپلز پارٹی نے بھی اسی حکومت میں رہنا ہے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ وی لاگز میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں کھلنے کے دعوے کیے جارہے ہیں، کہا جارہا ہے کہ پہلے ملاقاتیں کھلیں گی پھر بانی پی ٹی آئی کو ریلیف ملے گا۔ وی لاگز میں بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل سے دوسری جگہ منتقل کرنے کی باتیں بھی کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کبھی کہا جاتا ہے بانی پی ٹی آئی کو اسپتال منتقل کیا جائے گا، کبھی بنی گالہ منتقل کرنے کی بات ہوتی ہے، پھر نتھیا گلی منتقل کرنے کی باتیں بھی کی جارہی ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کی ملاقاتوں، ریلیف اور منتقلی سے متعلق یہ تمام دعوے حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔

طلال چوہدری نے کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہونے جارہا، بانی پی ٹی آئی کو مزید کافی عرصہ وہیں رہنا ہے جہاں وہ اس وقت موجود ہیں۔ وی لاگز تو بنائے جاسکتے ہیں لیکن ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، وی لاگز میں کیے جانے والے دعوؤں سے زمینی حقائق تبدیل نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت پر تنقید ضرور کرے لیکن اسے اپنی حکومتی حیثیت بھی یاد رکھنی چاہیے، پیپلز پارٹی کو نہیں بھولنا چاہیے کہ وہ خود بھی حکومت کا حصہ ہے۔ پیپلز پارٹی کے پاس حکومت میں کئی اہم آئینی عہدے موجود ہیں، پیپلز پارٹی کے پاس تین صوبوں کی حکومت ہے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ صدر مملکت کا تعلق بھی پیپلز پارٹی سے ہے، چیئرمین سینیٹ بھی پیپلز پارٹی کی جماعت سے تعلق رکھتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے پاس اہم آئینی عہدے اور صوبائی حکومتیں موجود ہیں، حکومت کا حصہ ہوتے ہوئے پیپلز پارٹی کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ صوبوں کے معاملات پر تمام فریقین کو مل بیٹھ کر بات کرنی چاہیے، صوبوں سے متعلق فیصلے باہمی افہام و تفہیم سے ہونے چاہییں۔ تمام صوبوں کو اتفاق رائے اور مشاورت سے فیصلے کرنے چاہییں، صوبوں کے معاملات میں باہمی اتفاق اور سیاسی ہم آہنگی ضروری ہے۔

مزید پڑھیں:اداکار نمیر خان نے ملازمت چھوڑ کر شوبز انڈسٹری میں آنے کی وجہ بتا دی

طلال چوہدری نے کہا کہ اختلافات کے بجائے بیٹھ کر اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے، صوبوں سے متعلق معاملات کو سیاسی محاذ آرائی کے بجائے مشاورت سے حل کیا جائے۔