Advertisement

حکومتی رویہ تبدیل نہ ہوا تو اپوزیشن بینچوں پر بیٹھ سکتے ہیں: بلاول بھٹو

Calender Icon بدھ 18 نومبر 2026

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے حالیہ بیانات پر ہونے والی تنقید کا سخت جواب دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ وہ ملک کے وسیع تر مفاد میں حکومت کا ساتھ دے رہے ہیں، تاہم اگر حکومتی رویہ تبدیل نہ ہوا تو پیپلز پارٹی اپوزیشن بینچوں پر بیٹھنے کا فیصلہ بھی کر سکتی ہے۔

ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں میزبان عاصمہ شیرازی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ روز تھوڑا زیادہ سچ بول دیا جو اب بعض حلقوں کو ہضم نہیں ہو رہا، اور سچ کہنے کے بعد اب ان سے بھی لڑنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ موجودہ حکومت اور اس سسٹم کا بوجھ اٹھانا ان کی اپنی سیاست کو شدید نقصان پہنچا رہا ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس بات سے کبھی انکار نہیں کیا کہ وہ اس نظام کے اسٹیک ہولڈر نہیں ہیں اور وہ وزیراعظم کے ساتھ کھڑے ہیں، تاہم وزیراعظم کے پاس کم از کم چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے تو زیادہ اختیارات ہونے چاہئیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے سوال اٹھایا کہ کیا چیئرمین پی سی بی کے پاس یہ اختیار ہے کہ وہ یہ کہے کہ پورا سسٹم کولیپس ہو گیا ہے، یا کیا پی سی بی کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ فیصلہ کرے کہ ملکی نظام کو کیسے ری سیٹ ہونا ہے اور باقی سیاسی قوتیں چپ کر کے گھر چلی جائیں؟ یاد رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز یہ دعویٰ کیا تھا کہ ملکی نظام خود بخود تباہ نہیں ہوا بلکہ اسے تباہ کروایا گیا ہے اور اس عمل میں ان کا اپنا بھی ہاتھ شامل ہے، جبکہ اگر سیاسی طور پر نظام کو دوبارہ درست سمت میں ری سیٹ کرنا ہے تو اس کے لیے سب سے پہلے عوام کا اعتماد بحال کرنا ناگزیر ہوگا۔