اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ کو حوثی ملیشیا کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق ریاض میں کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ کے ٹاور کو نشانہ بنانا سعودی عرب کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہے، شہری تنصیبات اور اقتصادی مراکز کو نشانہ بنانا بے گناہ انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ایسے قابل مذمت حملے علاقائی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں، پاکستان حوثی ملیشیا کے حملے فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان سعودی عرب کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، پاکستان سعودی عرب کے خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے حق کی حمایت کرتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ سعودی شہریوں اور مقیم افراد کے تحفظ کے لیے مملکت کے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں، پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
ادھر سعودی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ سعودی عرب کو ملکی خودمختاری کے دفاع، قومی اثاثوں کے تحفظ اور ملک بھر میں شہریوں اور رہائشیوں کی سلامتی اور تحفظ یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کے اپنے مکمل اور جائز حق حاصل ہے۔
سعودی عرب نے یہ بھی واضح کیا کہ بین الاقوامی قانون کے مطابق سعودی سرزمین یا قومی اثاثوں کو نشانہ بنانے والا کوئی حملہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:اینتھروپک کمپنی کے 5 ہزار ملازمین ایک ہی دن میں کروڑ پتی بن گئے
سعودی عرب نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کروائیں اور سعودی عرب کے خلاف دہشت گرد حوثی ملیشیا کے گھناؤنے حملوں کی مذمت کریں، اس کے ساتھ ہی اس دہشت گرد ملیشیا سے علاقائی اور عالمی سلامتی کو لاحق خطرے کی بھی مذمت کی جائے۔













جمعہ 20 نومبر 2026 
